لاہور پولیس نے محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی پلان مرتب کرلیا
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )لاہور پولیس نے محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں سمیت شہر بھر کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے، پاک فوج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی خدمات سر انجام دیں گے۔ شہر میں محرم الحرام کے دوران 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگے۔12 ایس پیز، 34 ڈی ایس پیز اور 83 انسپکٹرز تعینات ہونگے۔ شہر میں مجموعی طور پر 5 ہزار 235 مجالس کا انعقاد اور 650 عزاداری جلوس برآمد ہونگے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ فول پروف سیکورٹی انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ پولیس کیساتھ ساتھ دس ہزار سے زائد رضا کار بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔ کورونا ایس او پیز پر بھی عملدرآمد کروایا جائے گا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر،متنازعہ تقاریر، وال چاکنگ اور تشہیر پر سخت پابندی ہے۔ شرکاء کو مکمل تلاشی کے بعد ہی مجالس و امام بارگاہوں میں داخلے کی اجازت ہو گی۔