مکتب اہل بیت اطہار ع ہمیں کسی کی تکفیر یا مقدسات کی توہین کی اجازت نہیں دیتا: علامہ راجہ ناصر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلام آباد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اہل سنت ہمیں دل وجان کی طرح عزیز ہیں۔ مکتب اہل بیت اطہار علیہم السلام ہمیں کسی کی تکفیر یا مقدسات کی توہین کی اجازت نہیں دیتا۔ جو لوگ دین کے نام پر بھائی کو بھائی سے لڑانا چاہتے ہیں ان کا ملت تشیع سے کوئی تعلق نہیں۔ماہ محرم دوسروں کو امام عالی مقام کی طرف دعوت دینے کا مہینہ ہے دوسروں کے مذہبی جذبات مجروح کر کے اپنے آپ سے دور کرنے کا نہیں۔ امام حسین علیہ السلام کی ذات تمام مسلمانوں کے لیے مرکز وحدت ہے۔ کسی بھی قسم کی منافرت کو ہوا دینا وطن کے ساتھ بھی بے وفائی ہے۔ ارض پاک ہمارا گھر ہے ۔ ملت تشیع ایسے عناصر کا محاسبہ کرے گی جو ہمارے گھر میں آگ لگانا چاہتے ہیں۔ کسی پر تہمت لگانا، بد عملی، قتل و غارت، دہشت گردی اور کسی کے عقائد کی تضحیک ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں ہیں۔ شیعہ سنی وحدت واخوت کے ہتھیار سے ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں بھی شیعہ سنی فسادات برپا کر کے وہاں کے امن و امان کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ جسے شیعہ سنی معتدل علما نے دانش و بصیرت سے ناکام بنایا۔ موجودہ حالات میں وطن عزیزکے علما کو بھی مدبرانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ متنازع اور اختلافی امور کی غیر ضروری تشہیر جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے۔ اس ایجنڈے کے پیچھے طاغوتی و استکباری طاقتوں کے خفیہ ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔ ان عالمی سازشوں کا درک کرتے ہوئے جذبات کی بجائے ہوشمندی سے کام لینا ہی حالات کا تقاضہ اور سمجھداری ہے