پاکستانی شیعہ خبریں

استعماریت و استکباریت کے بت صرف حسینی فکر سے پاش پاش کیے جا سکتے ہیں: علامہ راجہ ناصر عباس

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم عاشورہ کی مناسبت سے ذرائع ابلاغ کو جاری کئے گئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کربلا کسی شخصی جنگ کانام نہیں بلکہ دو کرداروں کے درمیان معرکہ حق و باطل کا نام ہے جس میں صاحبان کردار نے اپنے عمل سے ایک بد کردار حکومت کے ناپاک ارادوں کو مٹی میں ملا دیا۔ امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام نے باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ کر یہ ثابت کیا کہ کامیابی کا معیار عددی برتری یا جنگی سازو سامان کی کثرت نہیں بلکہ انسان کا حق پر ہونا ہے۔ عالم اسلام کو عالم استکبار کی غلامی سے نجات دلانے کے لیے ہمیں واقعہ کربلا کے آفاقی اصولوں کو اپنانا ہو گا۔ امت مسلمہ آج تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے۔ مسلمانوں کی تباہی کے لیے صیہونی و نصرانی طاقتیں اپنے تمام تروسائل کے ساتھ میدان میں موجود ہیں۔ ہماری یہ بدقسمتی ہے کہ کچھ مسلمان حکمران بھی ان دنیاوی خداؤں کی پیروی کو ہی اپنی کامیابی اور اقتدار کی بقا کا ضامن سمجھتے ہیں۔ عالم اسلام اس حقیقت کو ذہن نشیں کر لے کہ استعماریت و استکباریت کے بت صرف حسینی فکر سے پاش پاش کیے جا سکتے ہیں۔ جرات و استقامت کے پیکر کربلائی کردار ہمیں دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا ہُنر سکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا اسلام کا لبادہ اوڑھ کر جو شخصیات اسلام دین محمدی ص کی حقیقی شناخت کو بدلنے کی کوششوں میں مصروف ہیں وہ یزیدی پیروکار ہیں۔ جب تک اس دنیا میں حسینی موجود ہیں ایسے مذموم کردار اپنے ناپاک مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، امام عالی مقام کی ذات تمام مسلمانوں کے لیے اتحاد کا مرکز ہے۔ شیعہ سنی مکاتب فکر کو ایک دوسرے کا بازو بننے کے لیے مشترکات پر باہم ہونا ہو گا۔ جو قوتیں ہمیں اختلافات میں الجھانا چاہتی ہیں ان کا ایجنڈا اسلام دشمن قوتوں کو کامیاب کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button