فلسطین کے منصفانہ حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، قطر
شیعہ نیوز : خلیجی ریاست قطر نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کےقیام کی مخالفت کی ہے۔
دوحا کا کہنا ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل تک اسرائیل کوتسلیم کرے گا اور نہ ہی صیہونی ریاست سے تعلقات قائم کیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق قطری وزیر خارجہ کی معاون لولو الخاطر نے امریکی نیوز ایجنسی بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کا اس وقت تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا جب تک فلسطین کے مسئلے کا کوئی منصفانہ حل نہیں نکل آتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی قوم کو ان کے حقوق کی فراہمی کے ذریعے ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں فلسطینی قوم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ پوری فلسطینی قوم ایک قابض ریاست اسرائیل کے تسلط میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست کے ساتھ اختلافات کا جوہرتنازع فلسطین ہے اور اس کے حل کے بغیر تل ابیب سے تعلقات استوار نہیں ہوسکتے۔
خیال رہے کہ قطرکے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور ان کے داماد جیڑد کشنر سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں انہوں نے امریکی حکومت کے مشیر پرواضح کیا تھا کہ وہ تنازع فلسطین کے حل تک اسرائیل سے تعلقات استوار نہیں کریںگے۔