پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ایم کیوایم کے وفدکی ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں سے ملاقات

شیعہ نیوز : شہر قائد میں فرقہ وارانہ منافرت کے خاتمے کیلئےمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کی ڈپٹی کنوینئر عامر خان کی سربراہی میں وحدت ہاؤس سولجر بازار آمد، مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات، ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینئر عامر خان اور ایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ باقرعباس زیدی کے درمیان موجودہ ملکی حالات اور ملک دشمن قوتوں کی ایماءپر بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ منافرت کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ۔

بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینئرعامر خان نے کہاکہ اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کے دفتر تشریف لایا ہوں،محرم الحرام کے مقدس مہینے میں اتحاد بین المسلمین کی فضا کو بحال کر نے کیلئے آئے ہیں ۔10 محرم الحرام کے بعد سے شہر میں فرقہ واریت پھیلائی جا رہی ہے۔ملک بھر میں منظم انداز سے فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی سازش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے پیروکاروں کو ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا چاہئے،ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے،متحدہ قومی موومنٹ کا وفد اتحاد بین المسلمین کیلئے تمام مکاتب فکر کے علما ءسے ملاقات کر رہاہے،ملک میں یزید زندہ باد کے نعرے لگانے والے مسلمانوں کو تقسیم کرنے کے نعرے لگا رہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ انڈیا و اسرائیل انسانیت کے دشمن ہیں ، اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے، اسرائیل گزشتہ 70 سالوں سے مظلوم فلسطینی عوام پر ظلم کر رہا ہے ۔

ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ باقرعباس زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عامر خان صاحب اور متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کو آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے اتحاد بین المسلمین کی کوشش لائق تحسین ہے۔ملک میں شیعہ و سنی فسادات کرانے والوں کے چہرے بےنقاب ہوگئے ہیں ۔عرب ممالک کے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بعد سے ملک میں فرقہ واریت پھیلائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں اسرائیل اور بھارت پاکستان میں اپنے مذموم مقاصد کے لیئے فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دے رہے ہیں، ملک کی سنجیدہ مذہبی قیادت کو اس سازش کو ناکام بنانا ہوگا،مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رہیں گی۔اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری، راکین رابطہ کمیٹی عبدالحسیب خان اور جاوید اختر ،ایم ڈبلیو ایم سے علی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری ،مولانا غلام عباس ،میر تقی ظفر ،عارف رضا و دیگرموجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button