تکفیری عناصر ’’را‘‘ کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے ہیں، علامہ اسدی
شیعہ نیوز : مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے منڈی بہاوالدین کے نواحی قصبہ ہیلاں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں ملکی سالمیت کے درپے ہیں، شرپسند عناصر انہی قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی بقاء ہمیں سب سے بڑھ کر عزیز ہے، وطن عزیز پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ملک علمدار حسین جعفری کے قاتلوں کی عدم گرفتاری نے ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالات کو جنم دیا ہے، ہم مزید تاخیری حربے برداشت نہیں کرسکتے۔
علامہ اسدی نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارایت نہیں بلکہ عالمی سطح پر بدلتے ماحول میں پاکستان کو کمزور کرنے کی گھناؤنی اور ناپاک سازش کی جا رہی ہے، ریاست کے سکیورٹی اداروں کو پوری جرات اور قوت کیساتھ اس سازش کا مقابلہ کرنا اور اسے ناکام بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار پوری قوت کیساتھ وطن عزیز کے درپے ہے اور ملک میں حالیہ فرقہ وارانہ لہر کے پیچھے بھارتی حکومت کا ہاتھ کار فرما ہے، ملک میں موجود شرپسند تکفیری ’’را‘‘ کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے ہیں، یہ ملک دشمن ملک کے طول و عرض میں جس جنگ کو شروع کرنا چاہتے ہیں، محب وطن شیعہ اور سنی عوام نے اسے ناکام بنا دیا ہے، لیکن ملک کے طاقتور اداروں کو بھی ماضی کی طرح ایک بار پھر پوری قوت کیساتھ ان سازشوں اور سازشی عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو شیعہ اور سنی نے مل کر بنایا تھا، اب اس کی بقا کی جنگ بھی ہم سب کو مل کر لڑنا ہوگی۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہماری سب سے بڑی مجبوری ہے، ہمیں سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل ایک غاصب یہودی ریاست ہے، اس کے ناپاک وجود کو تسلیم کرنا اسلام اور مسلمانوں سے غداری ہے، مسلم دنیا کو ظالم اسرائیل کے مقابل مظلوم فلسطینی مسلمانوں کا دست و بازو بننا چاہیئے، پاکستان کیخلاف سازشوں میں بھی اسرائیل بھارت کا پکا حلیف ہے اور موجودہ صورتحال پیدا کرنے میں اس کے ملوث ہونے کا قوی امکان موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نزدیک تشویش ناک امر یہ ہے کہ ریاست اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے ابھی تک شرپسندوں کو لگام دینے، انہیں قانون کی گرفت میں لانے اور ان کے مراکز بند کرانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔
علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ تشیع کی سرخ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ شہادت ہمارا ورثہ ہے، ضلع منڈی بہاؤالدین کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی شہید ملک علمدار حسین کے قاتلوں کی عدم گرفتاری ان کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، لیکن ہم متنبہ کرتے ہیں کہ مزید تاخیری حربے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کو ہم ملک عملدار حسین کے ختم چہلم کے موقع پر ایک بڑا اجتماع برپا کریں گے، جس میں مجلس وحدت مسلمین کی قیادت اور عوام بھرپور انداز میں شرکت کرے گی۔