
حماس۔ فتح مصالحتی مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہےہیں، فوزی برھوم
شیعہ نیوز : اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے ترجمان فوزی برھوم نے کہا ہے کہ ترکی کی میزبانی میں حماس اور تحریک فتح کے درمیان مصالحتی مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انقرہ میں ہونے والے مصالحتی مذاکرات تمام فلسطینیوں کی سیاسی شراکت اور وحدت کے اصول کے تحت ہو رہے ہیں جن کا مقصد فلسطینی قوم کو ایک جسد اور سیسہ پلائی دیوار میں تبدیل کرنا ہے۔
ایک پریس کانفرنس میں فوزی برھوم نے کہا کہ ترکی میں ہونے والے مذاکرات میں فلسطینی دھڑوں میں مصالحت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ان مذاکرات میں تمام فلسطینیوں کو درپیش چیلنجز سے مشترکہ فارمولے کے مطابق نمٹنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے۔
فوزی برھوم نے کہا کہ ترکی میں ہونے والے حماس ۔ فتح مذاکرات رواں ماہ بیروت میں ہونے والی کل جماعتی فلسطین کانفرنس کے فیصلوں پرعمل درآمد کا حصہ ہے۔ بیروت کانفرنس میں تمام فلسطینی دھڑوں نے قابض صیہونی دشمن کے خلاف ہر محاذ پر عوامی مزاحمت پر اتفاق کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ قضیہ فلسطین کے خاتمے کی سازشوں، الحاق کے نام نہاد صیہونی پروگرام اور امریکہ کے سینچری ڈیل سازشی منصوبے کے خلاف فلسطینی قوم ایک صفحے پر ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ انقرہ میں ہونے والے مذاکرات بیروت کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں کو عملی شکل دینے کی عملی کوشش ہے۔
دوسری جانب فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما نے امریکی و صیہونی منصوبے سینچری ڈیل کو فلسطینیوں کی مقاومت و مزاحمت اور فلسطینی گروہوں کے ایک دوسرے سے مزید قریب ہونے کا باعث قرار دیا۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی آج جمعہ کے روز کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما حسام بدران نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ فلسطینیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر جدوجہد کرنی چاہئے، کہا کہ فتح و حماس کے وفود کے مابین ترکی میں ہونے والی ملاقات مثبت رہی۔
حماس کے رہنما کا کہنا تھا کہ فتح و حماس کے مابین وسیع سمجھوتہ طے پا گیا ہے جس سے فلسطین کے دیگر گروہوں کوآگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فلسطینی گروہ فتح اور حماس کے وفود کے مابین منگل کے روز سے ترکی کے شہر انقرہ میں صلح و آشتی سے متعلق مذاکرات شروع ہوئے۔