سابق وزیراعظم کن ملک دشمنوں کی خوشنودی حاصل کررہے ہیں ،علامہ راجہ ناصرعباس
شیعہ نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ارض پاک کو عدم استحکام سے دوچار رکھنے کے لیے آئے روز ایک نیا بحران کھڑا کیا جارہا ہے۔امریکہ اور اس کے حواریوں نے نت نئے پینتروں کے ذریعے پورے خطے کے امن کو داوپر لگا رکھا ہے۔آرمینیا و آذربائیجان کا تصادم اور خطے میں اٹھنے والے دیگر بحران عالمی استعماری قوتیں کے پیدا کردہ ہیں جن کا مقصد خطے کی ترقی کے عمل میں رکاوٹ بن کر طاقت کی منتقلی کو روکنا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کی کامیابی کے لیے پائیدار حکومت کی موجودگی اولین تقاضہ ہے۔موجودہ حالات میں اگر حکومت سے نظریاتی وفکری اختلاف ہوتا تو بھی ہم عالمی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑے دکھائی دیتے تاکہ ملک کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے سابق وزیراعظم کےغیر ذمہ دارنہ بیان نےملک میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ملک کےکلیدی عہدے پر برجمان رہنے والے شخص کی طرف سے ریاستی اداروں پر جس سطحی انداز سے تنقید کی گئی اس سے پوری قوم کی دل آزاری ہوئی ہے۔سابق وزیراعظم کو قوم کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا کہ پاکستانی میزائل کوریورس انجینئرنگ کا نتیجہ قرار دے کر ارض پاک کے کون سے دشمنوں کی خوشنودی حاصل کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئے دن ملک میں کوئی نیا شوشہ چھوڑ کر ہماری قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنا مکار دشمن کی چالیں ہیں تاکہ ہم ان عالمی ایشوز سے بے خبر بیٹھے رہیں جن کا تعلق براہ راست عالم اسلام سے ہے۔عالمی حالات کا تقاضہ ہے کہ پوری قوم بیدار رہ کر دشمن کی چالوں سے آگاہ رہے اور کسی سازش کا حصہ نہ بنے۔