عراق اور ایران میں سید الشہدا حضرت امام حسینؑ کا چہلم
شیعہ نیوز: دنیا بھر میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب باوفا کا چہلم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
کربلائے معلی میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ الصلاۃ والسلام اور آپ کے اصحاب باوفا کا چہلم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا جس میں دسیوں لاکھوں عزادار شریک ہیں جو عراق کے مختلف علاقوں سے پیدل سفر کرکے کربلائے معلی پہنچے ہیں۔
کربلائے معلی سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اربعین حسینی پورے نظم و ضبط اور امن و امان کے ساتھ منایا گیا ۔اس رپورٹ کے مطابق بدھ کو بدنظمی کا ایک چھوٹا سا واقعہ پیش آیا تھا جس پر انتظامیہ فوری طور پر قابو پالیا تھا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال اربعین مارچ میں غیر ملکی زائرین کی تعداد بہت کم رہی اور عراقیوں نے اس کمی کو بہت شدت سے محسوس کیا جس کا اظہار انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغاموں میں کیا ہے۔
اس سال عراقی حکومت نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہر ملک سے صرف ڈیڑھ ہزار زائرین کو اربعین پر آنے کی اجازت ہوگی۔اکثر عراقیوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں گزشتہ برسوں کے دوران اربعین مارچ میں شرکت کرنے والے اپنے ایرانی ساتھیوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس سال ان کی نیابت میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی زیارت انجام دیں گے۔
اربعین مارچ میں جانے سے محروم رہ جانے والے ایرانی عوام نے سید الشھدا حضرت امام حسین علیہ الصلوات والسلام اور آپ کے اصحاب باوفا کے چہلم کے موقع پر اپنے اپنے گھروں میں زیارت اربعین کی تلاوت کی اور کربلائے معلی میں عراقی زائرین سے ہم آہنگ ہوکے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی۔
ایران کے نیشل کرونا کمانڈ سینٹر کی ہدایات کے مطابق اربعین شہدائے کربلا کی مجالس بڑے اجتماعات کے بغیر انجام پائیں اور ایران کے سب ہی ٹی وی چینلوں اور رہبر انقلاب اسلامی کی ویب سائٹ www.khamenei.ir اور آپ کے دفتر کے ٹوئٹر پیج اور دیگر سوشل میڈیا چینلوں پر زیارت اربعین کا پروگرام براہ راست نشر کیا گیا۔