
ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے نارووال میں خواتین پر پولیس تشدد کی پرزور مذمت
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے نارووال میں خواتین پر پولیس تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی۔ انہوں نے کہا ہم ایک خود مختار ملک کے باسی ہیں، کسی غاصب ریاست کے شہری نہیں۔
خواتین پر پولیس تشدد کی ایسی مثال تو کسی آمرانہ دور میں بھی نہیں ملتی۔انہوں نے ڈی پی او ذوالفقار احمد اور ایس ایچ او نارووال ریاض تاثیر چیمہ کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت انضباطی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے دیوبند مسلک کے نامور عالم اور جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان کی ٹارگٹ کلنگ کو ملک و قوم کے امن کے خلاف مذموم سازش قرار دیا ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارا ازلی دشمن بھارت پاکستان کے استحکام اور سکون کو برباد کرنے کے لیے فرقہ واریت کو ہوا دے رہا ہے۔ رواں سال کے دوران بھارت کی شاطرانہ کارروائیوں نے زیادہ زور پکڑ لیا ہے۔
مذہبی منافرت کے پرچار کی کوشش کو شیعہ سنی مدبر علماء نے دانش و بصیرت سے ناکام بنایا۔ اب مذہبی شخصیات کو نشانہ بنا کر مختلف مسالک کو ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی اداروں کو ملک دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھنی ہوگی، تاکہ ملکی سالمیت کے خلاف کسی سازش کو پنپنے کا موقع نہ مل سکے۔