دنیاہفتہ کی اہم خبریں

امریکی وزیرخارجہ کا سعودی ہم منصب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا مطالبہ

شیعہ نیوز: واشنگٹن میں امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی عرب کے وزير خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی ہے جہاں اسرائیل سے متعلق بات چیت کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے موقع پر مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل سے ہونے والے معاہدوں نے خطے میں امن اور سلامتی کے لیے ہمارے مشترکہ مقاصد کے حصول میں اہم کردار اداکیا ہے۔

اے ایف پی نے خبر دی ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ پیشرفت خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کی عکاس ہے جس میں ان ممالک نے خطے میں ایرانی اثرورسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت کو سمجھا ہے۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے معاہدے کی کامیابی میں مدد فراہم کرنے پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں اور ہمیں امید ہے کہ سعودی عرب بھی اسرائیل سے تعلقات کی بحالی پر غور کرے گا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کی مہم میں عرب ممالک کے اسرائیل سے تعلقات بحال کرانے کو اپنی اہم کامیابی قرار دے رہے ہیں۔

گذشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں امید ہےکہ سعودی عرب بھی صحیح وقت پر اسرائیل کو تسلیم کرلے گا۔

مائیک پومپیو کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ سعودی عرب کے ساتھ اسلحے کے فروخت کے مضبوط معاہدے کا حامی ہے تاکہ سعودی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور امریکیوں کے لیے بھی نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں۔

خیال رہے کہ اگست میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات قائم کرنے کیلئے امن معاہدہ طے پایا تھا جس کے بعد 15 ستمبر کو دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا معاہدہ کیا تھا، اس کے بعد بحرین کی جانب سے بھی اسرائیل سے تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button