سعودیہ تمام یمنی قیدی آزاد کرے یا سنگین ہرجانہ بھکتے، یحیی سریع
شیعہ نیوز: یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے سعودی اتحاد کو دھمکی دی ہے کہ اگر تمام یمنی قیدیوں کو آزاد نہ کیا گیا تو اسے غیر متوقع اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ یمن کی سالویشن حکومت اور مفرور منصور ہادی کی حکومت کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ سیاسی، عسکری اور انسانی ثمرات و نتائج کا حامل ہے اور اگر آئندہ دنوں تمام یمنی قیدیوں کو رہا نہ کیا گیا تو یمنی فوجی بڑی کارروائیاں انجام دیں گے۔
درایں اثنا یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل سالویشن حکومت انسانی بنیادوں پر مختلف ملکوں کے تمام قیدیوں کو رہا کرنے کے لئے تیار ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اتوار کو قیدیوں کے تبادلے کے بین الاقوامی موقف کی قدردانی کی اور کہا کہ یہ ایک انسان دوستانہ اقدام ہے۔
محمد علی الحوثی نے جارح سعودی اتحاد کے عقوبت خانوں میں قیدیوں پر تشدد کی تحقیقات کرانے کے لئے ایک خود مختار کمیٹی کی تشکیل کا بھی مطالبہ کیا۔ اس سے قبل تحریک انصاراللہ کے حکام نے اعلان کیا تھا کہ قیدیوں کے تبادلے کے نتیجے میں جو یمنی قیدی صنعا پہنچے ہیں انہیں شدید طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب یمن کی نیشنل سالویشن حکومت میں قیدیوں کے امور سے متعلق کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ یمنی فورسز نے سعودی عرب اور سوڈان کے ہزاروں قیدیوں کو حراست میں لے رکھا ہے۔ عبد القادر المرتضی نے المسیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سعودی جیلوں میں یمنی قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ساتھ ہی یہ کہ انہیں میڈیکل خدمات بھی فراہم نہیں کی جاتیں اور بہت سے یمنی قیدی وبائی بیماریوں میں مبتلاء ہو گئے ہیں۔
نیشنل سالویشن حکومت کے قیدیوں کے امور سے متعلق کمیٹی کے سربراہ نے تجویز پیش کی کہ نیشنل سالویشن حکومت اور مفرور و مستعفی منصور ہادی کی حکومت کے تمام جنگی قیدیوں کی فہرست جاری کی جائے کیونکہ صرف بعض قیدیوں کی رہائی، مسئلے کا حل نہیں ہے اور صنعا پہلے بھی قیدیوں کی مکمل فہرست جاری کرنے کا حامی رہا ہے۔
عبد القادر المرتضی نے اب تک چار ہزار سات سو جنگی قیدیوں کو آزاد کیے جانے کی خبر دیتے ہوئے باقی جنگی قیدیوں کو بھی آزاد کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ بدھ کو یمن کی نیشنل سالویشن حکومت اور مفرور و مستعفی منصور ہادی حکومت کے درمیان جنگی قیدیوں کا تبادلہ ہوا تھا اور قیدیوں کے تبادلے کا دوسرا مرحلہ جمعے کو انجام پایا ۔