شیعہ علماء کونسل نے پارلیمانی بورڈ اور سیاسی سیل کا مشترکہ اجلاس 10اپریل کو طلب کرلیا
شیعہ علماء کونسل پاکستان نے آئندہ الیکشن کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے پارلیمانی بورڈ اور سیاسی سیل کا مشترکہ اجلاس 10 اپریل کو اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے۔ مشترکہ اجلاس میں عام انتخابات میں پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے جاری معاملات اور بالخصوص جھنگ کے حلقے این اے 89 کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جائیگی۔ اسلام ٹائمز سے بات چیت کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ ان کے پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے رابطے جاری ہیں اور معاملات چل رہے ہیں، تاہم حتمی طور کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے پارلیمانی بورڈ اور سیاسی سیل کا مشترکہ اجلاس 10 اپریل کو طلب کرلیا ہے، جس میں عام انتخابات میں اسلامی تحریک اپنے حتمی فیصلے کا اعلان کریگی۔ اسلام ٹائمز کے جھنگ کے حلقے کے حوالے سے کیے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جب تک کاغذات نامزدگی کا مرحلہ طے نہیں ہو جاتا، اس وقت تک جھنگ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔ اس سوال پر کہ کہیں جھنگ کا ووٹ تقسیم تو نہیں ہوگا تو انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شیعہ ووٹ تقسیم نہیں ہوگا۔