دنیا

ٹرمپ اور بائیڈن کے درمیان قانونی جنگ شروع

شیعہ نیوز:امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کی انتقال اقتدار کمیٹی نے کہا ہے کہ نئی حکومت میں رونالڈ کلین وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف ہوں گے۔ رونالڈ کلین اس سے پہلے صدر باراک اوباما کے دور میں انسداد ابیولا پروگرام کے لیے وائٹ ہاوس کے انچارج اور نائب صدر کے چیف آف اسٹاف تھے۔

امریکہ میں وائٹ کے چیف آف اسٹاف کا انتخاب ہر منتخب صدر کا سب سے بڑا فیصلہ شمار ہوتا ہے کیونکہ اس عہدے پر آنے والا فرد مملکت کے امور چلانے میں صدر کی مدد کرتا ہے۔ جو بائیڈن خود کو امریکہ کا منتخب صدر سمجھتے ہیں جبکہ موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج کو قبول کرنے سے یکسر انکار کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کر دیا ہے۔

ادھر ری بپلکن اور ڈیموکریٹ کے درمیان انتخابات کے نتائج پر پیدا ہونے والے تناز‏عے کے درمیان ریاست جارجیا کے حکام نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔ ریاست کے چیف سیکریٹری براڈ ریفینس پرگر نے کہا ہے کہ تین نومبر کو صدارتی انتخابات کے لیے ڈالے گئے تمام ووٹ اب ہاتھ سے گنے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ریاست میں دونوں نامزد امیداورں کے ووٹوں کے تناسب میں بہت کم فرق پایا جاتا ہے اس لئے ہر شہر میں ڈالے گئے ووٹوں کو ہاتھوں سے گننے کا حکم دیا گیا ہے۔

ریاست جارجیا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو شروع میں اپنے ڈیموکریٹ رقیب جو بائیڈن سے آگے تھے، گنتی کے دوران چودہ ہزار ووٹوں سے پیچھے رہ گئے تھے جس کے بعد ریاست جارجیا میں حتمی سرکاری نتیجے کا اعلان روک دیا گیا تھا۔ ریاست پینسلوانیہ، ایریزونا، اور نیواڈا میں بھی انتخابی نتائج اور ووٹوں کی گنتی کے معاملے پر امریکہ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات بدستور باقی ہیں اور جلد حل ہوتے دکھائی نہیں دیتے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button