اہم پاکستانی خبریں

ترجمان پاک فوج نے ’را‘ کی دہشتگردی کی فنڈنگ کے شواہد پیش کر دیئے

شیعہ نیوز:پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (انٹر سروسز پبلک ریلیشنز) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے پاکستان میں دہشت گردی کا بھارتی منصوبہ بے نقاب کرتے ہوئے بھارتی خفیہ تنظیم ’را‘ کی دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کے شواہد پیش کر دیئے۔

ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز میجر جنرل بابر افتخار نے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس بریفنگ میں انکشاف کیا ہےکہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی تمام کارروائیوں کے پیچھے بھارت ہے، بھارت دہشت گردوں کی معاونت کر رہا ہے، ان کی تربیت اور انہیں اسلحہ فراہم کر رہا ہے، داعش کے 30 دہشت گرد بھارت سے پاکستان کے مختلف شہروں میں بھیجے گئے ہیں، بھارت نے کالعدم ٹی ٹی پی اور بلوچ باغی گروپوں کو جمع کیا ہے، مصدقہ شواہد موجود ہیں کہ افغانستان میں بھارتی سفیر اور سفارت کار پاکستان میں دہشت گردی کے سہولت کار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں موجود بھارتی کرنل راجیش دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہے، بھارت نے پاکستان کے خلاف کالعدم ٹی ٹی پی اور بلوچ باغی گروہوں کو جمع کیا ہے، بھارت کراچی، لاہور، پشاور میں نومبر اور دسمبر میں تخریب کاری کی سازش بنا رہا ہے، داعش کے 30 دہشت گرد بھارت سے پاکستان کے مختلف شہروں میں بھیجے گئے ہیں، یہ دہشت گرد کالعدم ٹی ٹی پی کے ایک جنگجو کے پاس بھیجے گئے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مصدقہ شواہد ہیں کہ افغانستان میں بھارتی سفیر اور سفارت کار پاکستان میں دہشت گردی کے سہولت کار ہیں، بھارت کا ادارہ ’را‘ خیبر پختون خوا اور دیگر شہروں میں دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کر رہا ہے۔اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی خفیہ تنظیم ’را‘ کی دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کے شواہد میڈیا کے سامنے پیش کر دیئے۔

انہوں نے بتایا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کے لیے بھارت نے بلوچستان میں اپنے دہشت گردوں کو فنڈ بھیجے ہیں، ایم کیو ایم لندن کو بھی ’را‘ کی فنڈنگ کے شواہد ہیں، 50 لاکھ ڈالر بلوچستان اور 32 لاکھ ڈالر ایم کیو ایم لندن کے طارق میر اور سرفراز مرچنٹ کو بھیجے ہیں، بھارت دہشت گردی کے لیے دہشت گرد تنظیموں کا کنسورشیم بنا رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت اپنے سہولت کاروں کے ذریعے پاکستان میں داعش کے قیام کی سازش کر رہا ہے، بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کو بارود اور اسلحہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے، بھارت نے وزیرستان کے سرحدی علاقوں میں اسلحہ اور گولہ بارود بھیجا ہے، ایم کیو ایم لندن کے دہشت گردوں کو بھی بھارت نے اسلحہ اور بارود فراہم کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کے 66 دہشت گرد کیمپ افغانستان اور باقی بھارتی شہروں میں ہیں، بھارت نے قندھار میں دہشت گرد کیمپ قائم کرنے کے لیے 3 کروڑ ڈالر ادا کیئے ہیں، اجمل پہاڑی نے چیف جسٹس پاکستان کے سامنے اعتراف کیا کہ الطاف حسین گروپ کے لیے بھارت نے 4 کیمپ قائم کیئے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button