اسرائیل کیساتھ تعلقات استوار کرنیکے بجائے ہم ملکر فلسطین کی حمایت کریں
شیعہ نیوز:بین الاقوامی سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ میرے خیال میں بہتر یہ ہے کہ ہمیں ایک متحدہ (عربی) محاذ بنا کر فلسطینی مفادات کی حفاظت اور (فلسطین پر) ناجائز قبضے کے خاتمے کو پہلی ترجیح قرار دے دینا چاہئے۔ قطری وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ اختلافات؛ تمام عرب ممالک کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ مذاکرات شروع اور دوطرفہ تناؤ کو ختم کرنے کے لئے اسرائیل کو مجبور کرنے پر مبنی تمام عرب ممالک کی مشترکہ کوششوں کے لئے نقصاندہ ہیں۔
محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی استواری سے متعلق بعض عرب ممالک کے اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پسند کا فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتے ہیں کیونکہ کسی بھی فیصلے کے اٹھائے جانے کا دارومدار خود انہی پر ہے۔ واضح رہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے تسلیم کئے جانے کو فلسطینی اراضی سے ناجائز اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے ساتھ مشروط رکھنے پر مبنی کئی دہائیوں پر مشتمل عرب ممالک کی سیاست کو ٹھکراتے ہوئے متحدہ عرب امارات اور بحرین سمیت چند ایک عرب ممالک نے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کر لئے تھے جبکہ قبل ازیں مسلم ممالک میں مصر اور اردن ہی 2 ایسے ممالک تھے جنہوں نے غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ معمول کے تعلقات قائم کر رکھے تھے۔