علامہ شہنشاہ نقو ی سے ڈاکٹر فاروق ستار کی ملاقات ، جعفریہ ڈیساسٹرمینجمنٹ سیل اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان شراکت عمل پر اتفاق
شیعت نیوز کے نمائندے کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے ایک وفد نے ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں جعفریہ ڈیزاسٹر سیل کے مرکزی دفتر واقع فیڈرل بی ایریا بلاک نمبر 20 کا دورہ کیا۔ جعفریہ ڈیزاسٹر سیل کے دفتر پر ان کی ملاقات جی ڈی سی کے چیئرمین علامہ شہنشاہ حسین نقوی، جنرل سیکرٹری ظفر عباس، وائس چیئرمین عادل نقوی اور پاک محرم ایسوسی ایشن اور خوجہ جماعت کے جنرل سیکرٹری سرور علی سمیت دیگر عہدیداران سے ہوئی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم اور جے ڈی سی کے فلاحی اور رفاہی کاموں میں ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے جی ڈی سی کے رفاہی کاموں اور خاص طور پر سانحہ عباس ٹاؤن کے لواحقین کے لئے ان کی انتھک کاوشوں اور محنت اور خدمات پر الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی جانب سے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور جی ڈی سی کی جانب سے ایم کیو ایم کے وفد کے لئے ظہرانے کا اہتمام کرنے کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ حیدر عباس رضوی اور سلطان محمد ذیشان شامل تھے۔ اس موقع پر جے ڈی سی اور ایم کیو ایم کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
واضح رہے کہ اس ملاقات کو شیعہ حلقوں میں ملے جلے درِ عمل کا سامنا ہے ، بعض شیعہ تنظیمیں اور علماکرام ایم کیو ایم کو شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث قرار دیتی ہیں ، جبکہ دوسری طرف قانون نافذ کر نے والے اداروں کی کاروائی میں گرفتار ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلرز شیعہ سنی علما اور عوام کے قتل کے انکشافات بھی کر چکے ہیں ۔ الیکشن کے نذدیک متحدہ قومی موومنٹ کی علامہ شہنشاہ حسین نقوی سے ملاقات کے حوالے سے مقتدر حلقوں میں یہ بات بھی زیر بحث ہے کہ ایم کیو ایم کراچی میں خطرے میں پڑے اپنے ووٹ بنک کو بچانے کے لیئے اس قسم کی ملاقاتیں کر رہی ہے ۔