امریکہ کو افغانستان میں اپنی غلطی کا احساس ہوگیا
شیعہ نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ورچوئیل کانفرنس میں افغان صدر اشرف غنی کی موجودگي میں خواف اور ہرات کے درمیان ریلوے لائن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور افغانستان کے تعلقات مضبوط اور گہرے ہیں جو تاریخی اور ثقافتی بنیادوں پر استوار ہیں۔ صدر روحانی نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کی موجودگي میں خواف اور ہرات ریلوے لائن کا آن لائن افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ آج سلام کا دن ہے، رحمت کا دن ہے اور ایران اور افغانستان کی دو بزرگ قوموں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کا دن ہے آج خوشی اور مسرت کا دن ہے، اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا دن ہے۔ صدر روحانی نے کہا کہ افغانستان کی سلامتی ایران کی سلامتی ہے اور امریکہ کو اس بات کا احساس ہوگيا ہے کہ اس نے افغانستان میں بہت بڑی غلطی کا ارتکاب کيا ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ دونوں قوموں کے تعلقات تاریخي ، مذہبی اور ثقافتی بنیادوں پر استوار ہیں ۔ خواف اور ہرات کے درمیان ریلوے لائن کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا جو دونوں قوموں کے درمیان تجارتی ، اقتصادی اور سیاسی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ممد اور مددگار ثابت ہوگا۔
خواف اور ہرات کے درمیان ریلوے لائن کے آن لائن افتتاح کے موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ خواف و ہرات ریلوے لائن سے ایران اور افغانستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوگا دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو رونق ملے گي۔ افغانستان کے صدر نے کہا کہ آج کا دن تاریخی دن ہے خواف اور ہرات کے درمیان ریلوے لائن کے افتتاح کا دن خوشی اور مسرت کا دن ہے ، یہ دن ایران اور افغانستان کے درمیان اقتصادی ترقی اور پیشرفت کا دن ہے۔ اشرف غنی نے کہا کہ بعض مشکلات کے باوجود خواف اور ہرات ریلوے لائن کا افتتاح دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔