ریاست کے چوتھے ستون صحافت کو پاکستان بھر میں مسائل کا سامنا ہے
شیعہ نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے ڈیرہ اسماعیل خان کے متحرک صحافی قیس جاوید کو گھر کی دہلیز پر فائرنگ کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے حکومت خصوصی اقدامات کرے اور قیس جاوید کے المناک واقعہ پر فوری تحقیقات کرکے ظالموں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلائی جائے۔ علامہ محمد رمضان توقیر نے جامعۃ النجف کوٹلی امام حسین میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قیس جاوید کے لواحقین کے لیے فوری طور مالی معاونت کے حوالے سے پیکج دینے سمیت صحافی برادری کے مطالبہ پر ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں۔
علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور اس شعبہ کو پورے پاکستان اور خصوصاً خیبر پختونخوا میں شدید مسائل کا سامنا ہے، ہم قیس جاوید کے لواحقین اور ان کی برادری کے غم میں برابر کے شریک اور صحافی برادری سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ظلم کرنے والے کا انجام خدا پاک کی طرف سے بھیانک قرار دیا گیا ہے، ہم ہر مظلوم کے ساتھی اور ہر ظالم کے خلاف ہیں۔