شکست خوردہ ڈونلڈ ٹرمپ جوبائیڈن کی حلف برداری کے روز وائٹ ہاوس سے نکل جائیں گئ
صدارتی انتخابات میں شکست خوردہ ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب امیدوار جوبائیڈن کی حلف برداری کے روز وائٹ ہاؤس سے نکل جائیں گے۔یہ کہنا ہے وائٹ ہاؤس کے عہدے داروں کا۔
فارس نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک عہدے دار نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ۲۰ جنوری کو نومنتخب صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری سے قبل وائٹ ہاؤس کو ترک کر دیں گے۔
ٹرمپ اعلان کر چکے ہیں کہ وہ جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے۔ بعض ذرائع ابلاغ نے یہ احتمال ظاہر کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاوس سے نکل جانے کے بعد ریاست فلوریڈا میں اپنی ذاتی عمارت میں منتقل ہو جائیں گے۔ رویٹرز کا کہنا ہے کہ ٹرمپ بدھ کے روز ایک فوجی چھاونی میں جا کر وہاں فوج کی ایک تقریب میں شریک ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی ہفتوں تک صدارتی انتخابات کے نتائج پر معترض رہنے اور اشتعال انگیز بیانات دینے کے بعد آخرکار گزشتہ جمعرات کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ملکی کانگریس پر اپنے حامیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ انتقال اقتدار پر امن طریقے سے انجام پائے گا۔
خیال رہے کہ چھے جنوری کو ڈونلڈ ٹرمپ کے اشتعال انگیز بیانات سے متاثر ہو کر انکے ہزاروں حامیوں نے ملکی کانگریس کیپٹل ہل پر اس وقت دھاوا بول دیا تھا کہ جب جوبائیڈن کو ملنے والے الیکٹورل ووٹس کی توثیق کے لئے وہاں اجلاس ہو رہا تھا۔ اس موقع پر پیش آنے والے پر تشدد واقعات اور جھڑپوں میں کم از کم پانچ امریکی ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
بعض امریکی حکام نے ٹرمپ کے حامیوں کے اس اقدام کودہشتگردی سے تعبیر کیا تھا۔