اسلام آباد میں پروٹوکول کی گاڑیوں نے اشارہ توڑتے ہوئے 5 شہریوں کو کچل دیا، 4 جاں بحق
شیعہ نیوز:وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی 11 میں پروٹوکول کی گاڑیوں نے مبینہ طور پر اشارہ توڑتے ہوئے 5 شہریوں کو کچل دیا ہے، جن میں سے 4 جاں بحق ہوگئے ہیں۔ گاڑی نے سگنل توڑتے ہوئے دوسری طرف سے آنے والی مہران کار اور ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔ اسلام آباد پولیس کے ایس پی سرفراز ورک کے مطابق ڈرائیور فیاض کو حراست میں لیکر حادثے کا سبب بننے والی گاڑی سمیت تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پولیس نے بتایا کہ حادثہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے رابطہ کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مبینہ طور پر ایک گاڑی میں بڑی سیاسی شخصیت کا شوہر اور بیٹا بھی سوار تھے، جن کو پولیس اسٹیشن لے جایا گیا، لیکن ڈرائیور آنے کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق شوہر اور بیٹے کا میڈیکل ٹیسٹ بھی نہیں کرایا گیا جبکہ حادثے کے بعد گاڑی میں سوار افراد کا میڈیکل کرانا لازمی ہے۔ میڈیا کے مطابق ایس پی سرفراز ورک اور ان کے ترجمان بلال نے فی الحال مؤقف دینے سے گریز کیا۔ کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی اسلام آباد پولیس نے ایف آئی آر درج نہیں کی۔ عینی شاہدین کے مطابق پروٹوکول کی گاڑیوں میں ایک کی نمبر پلیٹ سرکاری تھی۔ حادثے کے بعد چار گاڑیاں جائے وقوعہ سے سگنل توڑتے ہوئے نکل گئیں، لیکن سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی کو روک لیا گیا تھا۔ راولپنڈی پولیس نے جائے حادثہ سے فرار ہونے والی گاڑیوں کو نصیر آباد کے قریب روکنے کی کوشش کی لیکن وہ تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے نکل گئیں۔