آئی ایس او 5 فروری کو ملک بھر یوم کشمیر منائے گی
شیعہ نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد عباس نے مرکزی کابینہ کے اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایس او 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منائے گی، اس حوالے سے مختلف شہروں میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی کیلئے سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیوں کا اہتمام کریں گے۔ تنظیم کے رہنمائوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے پروگرام میں وحدت کے فروغ کیلئے تمام مکاتب فکر کے عمائدین کو مدعو کریں تاکہ عالمی سطح پر پاکستانی قوم کو یکجہتی کا پیغام جائے۔ سیمینارز کے علاوہ کراچی، اسلام آباد، جموں و آزاد کشمیر، ملتان اور پشاور میں بھی ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا، جن میں طلبا کیساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ آئی ایس او کی کانفرنسز میں بھارتی مظالم کی مذمت اور شہدائے کشمیر کی قربانیوں پر روشنی ڈالی جائے گی، اس حوالے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مرکزی جنرل سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کیے جارہے ہیں، لیکن عالمی برداری اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے کشمیر میں ہونے والے مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جبکہ اقوام متحدہ بھی کشمیر عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کروانے میں نا کام نظر آتی ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی ہمت و جرات کو سلام پیش کرتے کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا اور وہ وقت دور نہیں کہ جب کشمیری عوام کی اسقامت کے باعث بھارت کشمیر کو آزاد کرنے پر مجبور ہوجائے گا