ماہ رجب کا آغاز ہوگیا، علی ؑ والوں کے گھروں میں جشن کا سماں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مولائے کائنات علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت کے بابرکت مہینے کا آغاز ہوگیا ہے۔ علی ؑ کے چاہنے والوں کے گھروں میں خوشیوں کا سماں ہے۔
آج شب پہلی ماہ رجب المرجب ہے، رجب المرجب کا آغاز ہوتے ہی دنیا بھر میں عاشقان ولایت کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں اور موالیان مولا علیؑ و اہلبیتؑ کے گھروں میں خوشیاں منائی جارہی ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں تبلیغ کیلئے سختی نہیں بلکہ نرمی موثر ہوتی ہے، علامہ حافظ ریاض
رجب المرجب انتہائی بابرکت مہینہ اور کئی اماموں کی ولادت کا مہینہ ہے ۔ اس مہینے کے بارے میں خداوند عالم فرماتا ہے
’’ماہ رجب میرا مہینہ ہے اور بندہ میرا بندہ ہے اور رحمت میری رحمت ہے لہذا جو شخص اس مہینے میں مجھے پکارے گا میں اس کا جواب دوں گا۔ اور جو مجھ سے مانگے گا میں اس کو عطا کروں گا۔‘‘ (إقبال الأعمال، ج 3،ص 174)
رسول اکرمﷺکا ارشاد ہے
’’رجب اللہ کی رحمت کی بارش کا مہینہ ہے اس مہینہ میں خدا اپنے بندوں پر رحمت کی بارش کرتا ہے۔‘‘ (عیون اخبار الرضا علیہ السلام، ج 2، ص 71 )
امام موسی کاظم ؑ نے فرمایا:
’’رجب ایک عظیم مہینہ ہے جس میں نیکیوں کا ثواب دوگنا ہو جاتا ہے اور برائیاں محو کر دی جاتی ہیں‘‘ (کتاب من لایحضرالفقیہ، ج 2، ص 92)
شیعہ نیوز نیٹ ورک اپنے چاہنے والوں کی خدمت میں ماہ رجب المرجب کی بابرکت مہینے کی مبارکباد پیش کرتا ہے۔