حکمران وعدوں پر عمل کریں، سانحہ مچھ کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) معروف عالم دین اور خطیب اہل بیتؑ علامہ حسن ظفر نقوی نے شہدائے مچھ کوئٹہ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیسا نظام ہے، جہاں غریب مزدوروں کو سفاکانہ طریقے سے قتل کر دیا جاتا ہے، حکمران اور ان کے ایجنٹ آتے ہیں، شہداء کے ورثاء سے جھوٹے وعدے کرتے ہیں اور احتجاج ختم کروا کر خوشی مناتے ہوئے چلے جاتے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں ملک سے لوگوں کا لاپتہ ہوجانا قابل قبول نہیں ہے، شیریں مزاری
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سمیت تمام صاحبان اختیار نے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن درندہ صفت دہشت گردوں کا اب تک گرفتار نہ ہونا حکمرانوں کی نااہلی کے باب میں ایک اور اضافہ ہے، یہ عجیب نظام ہے، اشرافیہ کے لئے پورا نظام ہاتھ باندھے کھڑا رہتا ہے اور مزدوروں و بے کسوں کو انصاف دینے والا کوئی نہیں۔
ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم بھی اپنے حق کے لئے سڑکوں اور اقتدار کے ایوانوں کے گھیراؤ کا راستہ اختیار کریں، ہمارا سب سے بڑا اور اہم مطالبہ یہی ہے کہ شہدائے مچھ سمیت تمام بے گناہ مقتولین کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔