احسان اللہ احسان کا فرار، ملوث فوجیوں کے خلاف کاروائی شروع کردی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سابق ترجمان اور ہزاروں پاکستانیوں کا قاتل دہشتگرد احسان اللہ احسان فوجی تحویل سے فرار ہوا تھا اور ان کے فرار میں چند فوجی اہلکار ملوث تھے جن کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ کارروائی سے متعلق پیش رفت جلد میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔
تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے گذشتہ برس فروری میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ پاکستانی فوجی تحویل سے فرار ہو کر بیرون ملک جانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
گذشتہ برس اگست میں جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ احسان اللہ احسان کو ایک آپریشن میں استعمال کیا جا رہا تھا کہ اس دوران وہ فرار ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ احسان اللہ احسان ہزاروں پاکستانیوں کا قاتل اور آرمی پبلک اسکوؒ حملے کا مسٹر مائنڈ ہونے کے ساتھے ساتھ دہشتگردوں کا انتہائی اہم کمانڈر ہے جو گزشتہ سال ایک انتہائی اہم آپریشن کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم اب اس کے فرار میںکچھ فوجیوں کے ملوث ہونے کی بھی تصدیق ہوچکی ہے۔