سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پانچ حساس اہداف کو نشانہ بنایا گیا
شیعہ نیوز: یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع نے اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران خصوصی ڈرون آپریشن کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ریاض میں اہم اہداف کو ذوالفقار ایک میزائل اور صماد تین قسم کے نو ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ہی ایک اور آپریشن کے دوران قاصف کے ٹو قسم کے چھے ڈرون طیاروں نے ابہا اور خمیس مشیط میں بھی سعودی فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جب تک یمن کے خلاف جنگ اور محاصرہ جاری ہے، سعودی اہداف پر حملے نہ صرف جاری رہیں گے بلکہ ان میں مزید وسعت آئے گی۔
سعودی فوجی اتحاد نے گزشتہ رات دارالحکومت ریاض پر یمنی فوج کی جانب سے داغے جانے والے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کا دعوی کیا تھا جبکہ ٹوئٹر پر سعودی صارفین نے شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی خبر دی تھی۔
اس حملے کے بعد ریاض اور جدہ کے ہوائی اڈوں کی سرگرمیاں معطل کردی گئی تھیں اور تمام پروازوں کو دیگر شہروں کی جانب جانے کا حکم دے دیا گیا تھا۔
ادھر یمن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مآرب سیکٹر پر جاری جنگ کے دوران یمنی فوج نے سعودی اتحاد کے متعدد اہم کمانڈروں کو ہلاک کردیا ہے ، یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے سعودی اتحاد کے کمانڈروں میں کمبائن ڈویژن کے کمانڈر ناصر سعید البرحتی کے علاوہ عبدہ علی الوافی، مروان محسن، رزاوز نعمان الصالحی شامل ہیں۔
اس سے پہلے آمدہ اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب سے وابستہ منصور ہادی کی خودساختہ یمنی حکومت کا ایک فوجی کمانڈر عبدالغنی شعلان ہفتے کے روز ہونے والی ایک جھڑپ میں ہلاک ہوگیا۔
مآرب کے محاذ پر سعودی اتحاد کے کرائے کے فوجیوں اور اہم کمانڈروں ک ہلاکت کی خبریں ایسے وقت میں سامنے آرہی ہیں جب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستے اس علاقے میں مسلسل پیشقدمی کر رہے ہیں۔ دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ مآرب سیکٹر پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی پوزیشن مستحکم ہے اور سعودی عرب کو اس محاذ پر بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے جنگ بندی والے صوبے الحدیدہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے جس میں ایک کم سن بچہ شہید اور متعدد دوسرے افراد زخمی ہوگئے۔ اس سے پہلے سعودی حکومت کے ڈرون طیاروں نے الحدیدہ کے شہر الحوک میں بھی رہائشی علاقوں پر بمباری کی تھی جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
ٹیگس