بھارت میں وسیم ملعون کی شکل میں نیا سلمان رشدی پیدا ہوگیا
شیعہ نیوز: بھارت میں قرآن کریم کی توہین اور قرآنی آیات کے حذف کرنے کے بارے میں وسیم ملعون نے بے بنیاد اورگمراہ کن بیان دیکر بھارتی مسلمانوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے دینی اور مذہبی جذبات کوسخت مجروح کیا ہے بھارت میں تمام مسالک کے علماء نے متفقہ طور پر بھارت کے نئے سلمان رشدی وسیم ملعون کو اسلام سے خارج قراردیدیا ہے۔ اس موقع پر لکھنؤ کے امام جمعہ وجماعت حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید کلب جواد صاحب نے واضح الفاظ میں وسیم ملعون کو اسلام دشمن عنصر قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ وسیم ملعون اسلام دشمن عنصر ہے اور اس کا شیعیت سے کوئی تعلق نہیں، کیونکہ وہ متعصب اداروں اور مسلمان دشمن تنظیموں کا آلۂ کاربنا ہوا ہے ۔تمام شیعہ و سنی علماء اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کو اس کے خلاف متحد ہوکر احتجاج کرنا چاہیےاور حکومت سے اس کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرنا چاہیے تاکہ ملک بدامنی اور انتشار سے محفوظ رہے۔
لکھنؤ کے امام جمعہ نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ شرپسند وسیم رضوی کو فوری گرفتار کیا جائے کیونکہ اس کے اس بیان سے ملک کے امن و اماں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔اس کے مجرمانہ بیان سے انتشار پھیل رہاہے اور ملک میں بدامنی اور فساد کا خدشہ ہے ۔اگر حکومت اس پر پابندی نہیں لگاتی ہے اور اسے گرفتار کرکے جیل نہیں بھیجا جاتا تو ہم سمجھیں گے حکومت بھی فتنہ و فساد کرانے میں اس کے ساتھ شامل ہے ۔اس لیے ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ اسے فوری طور پر گرفتار کیا جائے تاکہ ملک انتشاراور بدامنی سے محفوظ رہے۔
ادھر مجلس علماء ہند نے بھی ایک بیان میں وسیم ملعون کے مجرمانہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن کریم مسلمانوں کو اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا ہے اور قرآن مجید میں دہشت گردی کے فروغ کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دی گئی بلکہ قرآن مجید میں دہشت گردی کی واضح مذمت کی گئی۔
بھارت میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری جنرل نےبھی اپنے ایک بیان میں وسیم ملعون کو اسلام سے خارج قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن کریم ایک آسمانی اور آفاقی کتاب ہے اور یہ اللہ تعالی کی معجز نما کتاب ہے اور تمام مسلم مذاہب کا اس پر اتفاق ہے کہ قرآن مجید میں کسی قسم کی کوئی تحریف اور تبدیلی واقع نہیں ہوئی اور اس کی تمام آیات اللہ تعالی کی طرف سے نازل کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ وسیم رضوی ملعون نے اپنے ایک حالیہ بیان میں سپریم کورٹ میں قرآن مجید کی جہاد پر مبنی آیات کو یہ کہہ کر حذف کرنے کا مطالبہ کیا تھا کہ ان آیات کریمہ کی بنا پر دہشت گردی کو فروغ ملتا ہے۔ وسیم ملعون کی بھارت بھر میں مذمت کا سلسلہ جاری ہے اور وسیم ملعون کو بھارت کا دوسرا سلمان رشدی قراردیا جارہا ہے۔