
غزہ پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری
شیعہ نیوز:صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے بدھ کی صبح جنوبی غزہ میں فلسطین کے استقامتی گروہوں کے اڈوں پربمباری کی۔
ابھی تک اس حملے سے ہونے والے ممکنہ نقصانات کے بارے میں کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔
دوسری جانب صیہونی فوج کے ترجمان آویخای ادرعی نے جنوبی مقبوضہ فلسطین میں واقع بئرالسبع کے ایک علاقے پر راکٹ گرنے کی خبر دی ہے ۔
فلسطینی ذرائع نے بھی صیہونی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ راکٹ گرنے کے باعث غزہ کے اطراف میں واقع غیر قانونی صیہونی کالونیوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے تھے۔
ان ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ یہ راکٹ ٹھیک اسی وقت فائر کیا گیا ہے جب صیہونی وزیراعظم نیتن یاھو بئرالسبع کے علاقے کے دورے پر تھے۔
صیہونی حکومت نے دسمبردوہزار سترہ سے غزہ پٹی پر حملوں کا نیا سلسلہ شروع کررکھا ہے یہ حملے ہمیشہ ہی بے بنیاد بہانوں سے کئے جاتے ہیں ۔ ان حملوں میں اب تک ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔