ملک خالد ایئربیس پر یمنی فوج کا ڈرون حملہ
شیعہ نیوز: یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ یمن کی فوج اور رضاکار فورس نے مقامی ساخت کے قاصف کے ٹو ڈرون طیارے سے ملک خالد ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یہ کارروائی پوری طرح کامیاب رہی ہے اور یہ حملہ یمن کے خلاف جارحیت اور محاصرہ جاری رکھنے کا قانونی و فطری جواب ہے ۔
منگل کی شب بھی ملک خالد ایئربیس کو یمنی فوج اور رضاکار عوامی فورس نے ڈرون حملے کا نشانہ بنایا تھا۔
یمن کی فوج اور رضاکارعوامی فورس کے جوانوں نے گذشتہ مہینوں میں جنوبی سعودی عرب میں واقع جیزان اور ابہا ہوائی اڈوں اور ملک خالد ایئربیس کو بارہا اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے ۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادی فوجیوں کے جنگی طیارے جیزان و ابہا کے ہوائی اڈوں اور ملک خالد ایئربیس سے ہی یمن پر بمباری کے لئے ایندھن حاصل کرتے ہیں۔
اس درمیان میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ یمنی فوج کے ساتھ جھڑپ میں جارح سعودی اتحاد کے ایک سعودی کمانڈر محمد الحرملی کو ہلاک کردیا گیا ہے جنرل الحرملی جارح سعودی اتحاد کے ساتویں زون کا کمانڈر تھا۔اس سے پہلے بھی مآرب سیکٹر پر سعودی اتحاد کے چھٹے فوجی زون کے کمانڈر امین الوائی بھی یمنی فوج اور رضاکار فورس کے ساتھ جنگ میں ہلاک ہوگیا تھا۔
دوسری جانب یمن کی سیاسی کونسل کے رکن عبدالوہاب المحبشی نے ترکی کے عزائم کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل سعود کی سنگین شکست کے بعد بھی یمن میں ترکی اور بعض دیگر ممالک کی فوجی مداخلت ، کوئی عاقلانہ اقدام نہیں ہے اور انقرہ کے لئے اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔
عبدالوہاب المحبشی نے جمعرات کو ارنا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ترکی کے فوجی یمن میں داخل ہوئے تو ان کا انجام بھی جارح سعودی اتحاد کی ہی طرح ہوگا انھوں نے کہا کہ یمن کے خلاف جارحیت کا انجام ترکی کی حکومت اور فوجیوں کے ساتھ ہی خود اردوغان کے لئے بھی اچھا نہیں ہوگا۔
افریقہ اورعلاقے کے بعض ذرائع ابلاغ نے خبردی ہے کہ گذشتہ چند دنوں سے ترکی کی سیکڑوں فوجی گاڑیاں اور جنگی ساز و سامان بعض افریقی ممالک کی بندرگاہوں پر پہنچے ہیں ان ذرائع ابلاغ نے بعض ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ترکی کے یہ جنگی ساز و سامان یمن بھیجے جا رہے ہیں ۔