علامہ اقبال نے اپنی شاعری سے مسلمانوں کو ان کے باوقار مقام کی شناخت کرائی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے 83 ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال کا عشق محمدﷺ اور درس خودی وہ آزمودہ نسخے ہیں جن کے ذریعے امت مسلمہ دنیا کی غلامی سے نجات حاصل کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی حاصل کرنے کے باوجود ہم آج تک یہود و نصاری کی فکری غلامی کے شنکجے میں قید ہیں۔جب تک اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اپنی زندگیوں پر لاگو نہیں کیا جاتا تب تک مسلمان پستی و ذلت کا شکار رہیں گے۔علامہ اقبال نے جس روشن خیال اوراعتدال پسند معاشرے کا تصور پیش کیا وہ اسلام کی روح کے عین مطابق ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا 83 واں یوم وفات منایا جارہا ہے
علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو معاشرے میں ان کے باوقار مقام کی شناخت کرائی۔ امت مسلمہ اگر شاعر مشرق کی تعلیمات سے استفادہ کرے تو آج بھی اپنا کھویا ہوا وقار بحال کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کی حفاظت کے لیے اس عاشق رسول ﷺکے طرز زندگی کو اپنانا ہو گا۔علامہ اقبال گزشتہ صدی کے سب سے بڑے مفکر اور فلسفی تھے جنہیں رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
علامہ اقبال کی یوم وفات کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی دفاتر میں قران خوانی اور دعائیہ تقریبات کابھی انعقاد کیا گیا ۔