پشاور، سی سی پی او سے امامیہ جرگہ کے وفد کی ملاقات، یوم علیؑ کے حوالے سے گفتگو
شیعہ نیوز:سی سی پی او پشاور عباس احسن سے امامیہ جرگہ کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر عباس احسن نے وفد کو شہر میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ حضرت علیؑ کے یوم شہادت کے موقع پر پشاور میں امن و امان کی فضاء بر قرار رکھنا اولین ترجیح ہے، شہر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے تحت بی ڈی یو اور سنیپر ڈاگز ٹیموں سمیت تمام اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے جائیں گے، شہر میں اضافی پویس اہلکاروں سمیت ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کی خاطر ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے، سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں سمیت اندرون شہر پولیس گشت میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔
سی سی پی او عباس احسن کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کی خاطر تمام مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی بھی کی جائے گی، انہوں نے شرکاء مجالس اور دیگر عزاء داری کی تقاریب میں پولیس جوانوں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے اور کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنانے کی تاکید کی۔