کابل، سید الشہدا گرلز اسکول کے سامنے دھماکہ، 30 شہید 75 زخمی
شیعہ نیوز: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں لڑکیوں کے ایک اسکول کے سامنے ہونے والے دھماکوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد تیس ہوگئی ہے۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق، مغربی کابل کے ضلع دشت برچی کے علاقے چہل دختران میں واقع سید الشہدا گرلز اسکول کے سامنے تین دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں کم سے کم تیس افراد شہید اور پچھتر زخمی ہوگئے۔
کہا جارہا ہے کہ دھماکے اس وقت ہوئے جب اسکول کی چھٹی ہوئی اور طالبات اپنے گھروں کے لئۓ باہر نکل رہی تھیں۔
اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے ایک کار بم دھماکہ ہوا جس کے بعد بارودی سرنگ کے دو دیگر دھماکے ہوئے جنہیں پہلے سے نصب کیا گیا تھا۔
افغانستان کے صدراشرف غنی نے مغربی کابل میں سید الشہدا گرلز اسکول کے باہر ہونے والے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا ہے۔
تاحال کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم علاقے کے لوگوں نے اسے امریکہ اور افغان سیکورٹی اداروں کی نالائقی اور لا پرواہی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے کابل میں ہونے والے بم دھماکوں کی مذمت اوراس میں کم سن اسکولی طالبات کی شہادت پر افغانستان کی حکومت اورعوام کو دلی تعزیت پیش کی ہے۔