اسرائیل عالمی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے: آندرے کارسن
شیعہ نیوز: امریکہ کے مسلم رکن کانگریس آندرے کارسن (André Carson) نے فلسطین میں خود ساختہ صیہونی ریاست کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کئی دہائیوں سے اسرائیل عالمی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
آندرے کارسن نے کہا کہ اسرائیل امریکہ کا سیکیورٹی پارٹنر ہے جسے امریکہ ہر سال اربوں ڈالر دیتا ہے امریکہ کو اپنا اثر و رسوخ فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ امریکیوں کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ جہاں کہیں بھی خطرہ لاحق ہو وہ وہاں انسانی حقوق کی حفاظت کرے، چاہے شیخ جراح ہو یا دنیا میں کہیں بھی۔
آندرے کارسن کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی سے شیخ جراح سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور ہر قسم کے تشدد کی مذمت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے صہیونی حکومت عالمی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کیخلاف خوفناک مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ امریکہ انسانی حقوق کے متاثرین کی حفاظت کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ یہ یہودی بمقابلہ مسلمان نہیں، اسرائیل بمقابلہ اس کے پڑوسی نہیں بلکہ یہ صحیح اور غلط کا مقابلہ ہے۔