پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

ایم ڈبلیو ایم کے تحت کراچی سمیت ملک بھر میں یوم یکجہتی مظلومین فلسطین منایا گیا

شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر بروز جمعہ کراچی سمیت ملک بھر میں یوم یکجہتی مظلومین فلسطین منایا گیا۔ سندھ کے مختلف اضلاع سمیت ملک کے دیگر شہروں میں فلسطین کی شہری آبادیوں پر اسرائیلی حملوں اور غزہ میں ظلم و بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جن میں کثیر تعداد میں کارکنان، سیاسی و سماجی رہنماؤں، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندگان، سول سوسائٹی کے اراکین اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیلی مظالم اور مغربی استعمار کے خلاف نعرے درج تھے۔ کراچی کے مرکزی احتجاجی مظاہرے کا آغاز جمعہ کی نماز کے بعد مرکزی مسجد و امام بارگاہ خوجہ اثنا عشری کھارادر سے ہوا، جبکہ جامع مسجد حیدری اورنگی، حسینی جماع مسجد ملیر اور جعفریہ کمپلیکس گلشن حدید سے ملیر پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔

احتجاجی مظاہروں کی قیادت ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ علامہ باقر عباس زیدی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ علی نور جعفری، مولانا یاور عباس، مولانا گلزار شاہدی، علامہ سفیر عباس، سید احسن عباس رضوی، علامہ نشان حیدر، بلاول فائزی نے کی، اس موقع پر جرنیل عباس، شیعہ علماء کونسل کے رہنما مولانا منظور حسین، مولانا فدا علی مفکری، مولانا منصور روحانی، پرنسپل جامعتہ الزہراؑ مولانا محمد حسین الحسینی، مولانا انصاف حیدری، فرحت عباس اور اصغریہ آرگنائزیشن کے رہنما بھی موجود تھے۔ احتجاجی مظاہروں کے اختتام پر امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نظر آتش کئے گئے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کا اعلان فلسطینی عوام کی فتح اور استعماری طاقتوں کی پسپائی کی نوید ہے، فلسطینیوں کی استقامت و جرأت کے سامنے اسرائیل کے حوصلے ماند پڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے مقدر میں بربادی لکھی جا چکی ہے، یہ دنیا بہت جلد اس غاصب ریاست کے ناپاک وجود سے پاک ہو جائے گی۔

علامہ باقر زیدی نے امت مسلمہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ہر طرح کے سفارتی و اقتصادی تعلقات کے خاتمے کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں سے آکر فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے والے اسرائیلیوں کا احتساب مسلم امہ کو مل کر کرنا ہوگا، فلسطینیوں کی جدوجہد اپنی ریاست کو قابض قوتوں سے آزاد کرانے کیلئے ہے، قیام پاکستان سے قبل قائداعظم محمد علی جناحؒ نے فلسطینیوں کی آزادی کے مطالبے کی حمایت کرکے پاکستان کی پالیسی واضح کر دی تھی، غاصب اسرائیل سے فلسطین کا چھٹکارا ہمارا واحد، اصولی اور اٹل مؤقف ہے، جس نے ایک انچ بھی پیچھے ہٹا نہیں جا سکتا۔ علامہ باقر زیدی نے اپنے خطاب میں اسرائیلی بربریت کے خلاف عالمی فوج کی مداخلت کے پاکستانی مطالبے کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی نے جدید جنگی ہتھیاروں کا شہری علاقوں پر استعمال کرکے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے، جنگ بندی کے اعلان سے اس کے جرائم معاف نہیں ہو سکتے، عالمی عدالت فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button