تشیع کے استحکام میں آئی ایس او کا نمایاں کردار ہے، علامہ احمد اقبال رضوی
شیعہ نیوز:امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے 49ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے بیان میں آئی ایس او کے کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گزشتہ ۵ دہائیوں سے پاکستان میں نوجوانوں کے دینی اخلاقی اور الٰہی تربیت کا محور ہے، ایک ایسی جماعت ہے کہ جس کے کارکن محبت وطن، انتہائی دیندار اور اپنی شرعی و قومی ذمہ داریوں کو ادا کرنے والے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ایک ایسی انقلابی نوجوانوں پر مشتمل جماعت ہے کہ جس کے جوان ہمیشہ مظلوم کے حامی رہے اور ظلم کی مخالفت کرتے رہے ہیں، چاہے وہ ظلم عالمی سطح پر استکبار کی طرف سے ہو یا ہمارے ملک میں جاری ناروا سلوک اور زیادتیاں ہوں اس میں آئی ایس او بڑھ چڑھ کر مظلومین کی حمایت کرتی ہے اور ظالم کی مخالفت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس او ایک ایسی جماعت ہے کہ جس نے پاکستان کی سرزمین پر تشیع کے استحکام اور ترقی کی کوششیں کی ہیں اور پاکستان میں نوجوان نسل کو بے راہروی سے دور کرنے کے لیے نوجوانوں کی بہترین دینی اور اخلاقی تربیت کی ہے اور مسلسل امر باالمعروف و نہی عن المنکر کے ذریعے سے معاشرے میں فساد کو ختم کرنے اور اصلاح کے عمل کو جاری رکھنے میں معاشرے کی بہترین خدمت کو انجام دیا ہے۔ لہٰذا میں آئی ایس او پاکستان کے 49 ویں یومِ تاسیس پر آئی ایس او کے مرکزی صدر، ان کی کابینہ، مجلس نظارت اور تمام اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس الٰہی جماعت کی حفاظت فرمائے اور مزید استحکام اور ترقی عنایت فرمائے۔