عمران خان کے ہوتے کوئی امریکی اڈا نہیں بنے گا، شاہ محمود
شیعہ نیوز:
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی امریکی اڈا پاکستان میں نہیں بنے گا۔ پاکستان میں امریکی اڈوں کی خبر بے بنیاد ہے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا اور امن عمل مرحلہ وار آگے بڑھانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے اندرونی معاملے میں مداخلت نہیں امن چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے، امن و سلامتی کی ذمہ داری سلامتی کونسل کی بنتی ہے، غزہ کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے چار اجلاس ہوئے لیکن سلامتی کونسل بدقسمتی سے کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے غزہ کی صورتحال پر مشترکہ حکمت عملی اپنائی، ایک سوچ نے ویٹو پاور استعمال کرتے ہوئے اتفاق رائے میں رکاوٹ ڈالی، مجبوراً جنرل اسمبلی کا پلیٹ فارم استعمال کرنا پڑا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے صدر 27 مئی کو پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔