امام خمینیؒ نے اڑھائی ہزار سالہ پرانی شہنشاہیت کو شکست دی، علامہ ریاض نجفی
شیعہ نیوز:وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد جامعة المنتظر ماڈل ٹاﺅن لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کو ہادی، رہبر اور رہنماء قرار دیا ہے، اگر اسے حقیقی معنوں میں رہبر و راہنماء بنائیں گے تو دنیا پر حکومت کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے صراطِ مستقیم پر چلنے کی ضرورت ہے، جو ہر نماز میں کئی بار سورہ فاتحہ میں مانگی جاتی ہے۔ سورہ مبارکہ نمل میں حضرت موسیٰ علیہ السلام سمیت کئی انبیاء کا تذکرہ ہے۔ حضرت موسیٰ کا تفصیلی ذکر ہے کہ کیسے رات کو گھر والوں سمیت سفر کیا۔ آگ کی ضرورت محسوس ہوئی تو آثار دیکھ کر قریب گئے۔ نبوت ملی، ید ِبیضا کا معجزہ ملا، اپنی قوم کو سمجھانے کی بڑی کوشش کی، لیکن وہ نہ مانے، جس پر کئی قسم کے عذاب آئے۔ طوفان آیا، مکڑی کا عذاب جو کھانے پینے کی ہر چیز میں نظر آتی، اسی طرح کھٹمل کا عذاب، مینڈک کا عذاب، ہر چیز میں خون نظر آنے کا عذاب، قحط سالی کا عذاب، باغات ختم ہوگئے۔ ان عذابوں میں ہمارے لئے درسِ عبرت ہے لیکن رسول اکرم کی برکت سے امت محمدی پر ویسے عذاب نہیں آتے۔
رئیس الوفاق المدارس الشیعہ نے بانی انقلاب اسلامی کی 32 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے اڑھائی ہزار سالہ شہنشاہیت کو شکست دے کر اسلامی انقلاب برپا کیا۔ حکومت قائم کرنے کے بعد 11 سال رہبر انقلاب رہے۔ اپنے بیٹے کے نام وصیت میں لکھا کہ میرا کوئی ذاتی گھر نہیں۔ خُمین میں کچھ زمین ہے، جو میرے بڑے بھائی کے تصرف میں ہے۔ جماران کا دو کمرے والا گھر مجھے عارضی طور پر دیا گیا ہے۔ اس کا قالین بھی میرا نہیں اور کتابیں بھی۔ بینک میں پیسہ خمس کا ہے، جو مجتہد کی امانت ہے کہ دینی امور، طلباء کو وظیفہ دینے میں صرف کریں۔ اگر آپ سوچیں کہ آپ کیلئے کیا چھوڑا؟ تو فقط اللہ۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی کا اللہ پر ایمان و یقین غیر متزلزل تھا۔
علامہ ریاض نجفی نے کہا کہ امام خمینیؒ نے افغانستان پر روس کے حملے کے بعد اس کی مذمت کی۔ صحافیوں نے پوچھا امریکہ کے آپ پہلے سے مخالف ہیں، اب روس کی بھی مخالفت؟ فرمایا یہ حکومت اللہ کی ہے اور امامِ زمانہ کی امانت۔ امام خمینی کا قول تھا کہ تمام مسلمان ایک ایک بالٹی بھی اسرائیل پر ڈالیں تو وہ مٹ جائے نیز فرماتے تھے کہ اگر مسلمان متحد ہو جائیں تو بدبخت ہندو بنیا کشمیر پر قبضہ نہیں کرسکتا۔ آج مغرب والے بھی مانتے ہیں کہ اللہ پر فقط ایران والوں ہی کا ایمان و یقین ہے۔