گھوٹکی ٹرین حادثے میں ہر آنکھ اشکبار ہے:علامہ راجہ ناصر
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گھوٹکی ٹرین حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں چالیس سے زائد افراد کی موت ایک المناک سانحہ ہے جس سے ہر آنکھ اشکبار ہے۔ حادثے کے زخمی افراد کو علاج معالجے کی مکمل سہولیات اور متاثرہ مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے ریلوے اور متعلقہ اداروں کو بلا حیل و حجت تمام تر وسائل بروئے کار لانے ہوں گے۔مسافروں کی طرف سے متبادل گاڑی کی فراہمی کے مطالبے پر ریلوے حکام کی عدم توجہی کی اطلاعات افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمی مسافروں کی طرف سے ریلوے کے عملے پر حادثے کا الزام عائد کیا جانا بہت سارے سوالات کو جنم دیتا ہے۔ریل کار کے ذریعے کسی بھی سفر سے قبل ریل کے انجن اور بوگیوں کے ضروری حصوں کی جانچ پڑتال میں کوتاہی سنگین جرم ہے۔ اس طرح کے حادثات اگر عملے کی غفلت کے سبب رونما ہوں تو ذمہ داران کے خلاف قتل اور دہشت گردی کے تحت مقدمات کا اندراج ہونا چاہئے تاکہ حساس نوعیت کی ذمہ داریوں میں کوتاہی نہ برتی جائے