دہشت گرد حملے میں پاکستانی خاندان کی شہادت، کینیڈین وزیراعظم کا بڑا اعلان
شیعہ نیوز: اونٹاریو: کینیڈا میں دہشت گرد حملے میں شہید پاکستانی خاندان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ، کینیڈین وزیراعظم نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں مسلم کمیونٹی کے ساتھ ہیں، دائیں بازوکےانتہاپسندوں کودہشتگردوں کی فہرست میں ڈالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں پاکستانی خاندان کی دہشت گرد حملے میں شہادت پرسوگ کا سماں ہے ، انٹاریو میں دہشت گرد حملے میں شہیدپاکستانی خاندان کو خراج عقیدت پیش کرنےکیلئے جامع مسجد لندن میں تقریب ہوئی، جس میں کینیڈین وزیراعظم ، میئرلندن سمیت ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
تقریب میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی گئی اور مسلم کمیونٹی سےیکجہتی کا اظہار کیا گیا، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مسلم کمیونٹی کےساتھ ہیں، خطرات کا شکار کمیو نٹیوں کا تحفظ کریں گے۔
جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا،نسلی تعصب ایک حقیقت ہے، دائیں بازوکےانتہاپسندوں کودہشتگردوں کی فہرست میں ڈالیں گے، مل کرایکشن لیں گے۔
گذشتہ روز کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے شہر لندن میں ایک پک اپ ٹرک ڈرائیور نے ایک ہی خاندان کے چار افراد کو کچل کر ہلاک کرڈالا، ۔ پولیس نے ملزم کے اس قدام کو نفرت پر مبنی جرم قرار دیا تھا۔
بعد ازاں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ نفرت انگیز واقعے کا شکار افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، کینیڈا میں اسلامو فوبیا کی کوئی جگہ نہیں، نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔