ایران میں شیعوں اور سنیوں کے مفادات ایک ہیں، صدارتی امیدوار
شیعہ نیوز:تہران کے شھدائے ہفتم تیر کمپلیکس میں ملک کے اہلسنت علما اور دانشوروں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے ، نامزد صدارتی امیدوار سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایران کے شیعہ اور سنی مسلمانوں کے مفادات پوری طرح مشترک ہیں اور وہ ایک دوسرے کے ساتھ اچھی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران ملک کے اہل سنت بھائیوں نے تیرہ ہزار شہیدوں کی قربانیاں پیش کی ہیں۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ملک میں آباد نسلی اکائیوں ، شیعوں اور سنیوں کے درمیان امتیاز قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی فرسٹ کلاس اور سیکنڈ کلاس شہری نہیں سب کے حقوق برابر ہیں اور وسائل کی تقسیم منصفانہ طریقے سے ہونا چاہیے۔
ایک اور صدارتی امیدوار علی رضا زاکانی نے، اپنے حامیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف اور صرف تبدیلی کی خاطر میدان میں اترے ہیں اور کامیابی کی صورت میں، اہم شعبوں میں بنیادی اصلاحات انجام دیں گے۔
صدارتی امیدوار امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی نے ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے، اقتصادی خارجہ پالیسی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزارت خارجہ کے ذریعے ملک کے اقتصادی اہداف کو آگے بڑھانے پر توجہ دیں گے۔
ایران کے صدارتی انتخابات اٹھارہ جون کو کرائے جائیں گے جس کے لیے سات امیدوار میدان میں ہیں۔علی رضا زاکانی، محسن رضائی، محسن مہر علی زادے، سید ابراہیم رئیسی ، عبدالناصر ہمتی ، سید امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی اور سعید جلیلی نامزد صدارتی امیدوار ہیں۔