جنیوا میں امریکی اور روسی صدور کی اہم ملاقات
شیعہ نیوز: امریکا اور روس کے درمیان حالیہ برسوں کی بد ترین کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں کے صدور کی جنیوا میں ملاقات شروع ہو گئی ہے، امریکی صدر جو بائیڈن اور روسی صدر پیوٹن نے اہم ملاقات کا آغاز ہاتھ ملا کرکیا۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں جاری ملاقات میں روسی صدر پیوٹن نے پہلا قدم اُٹھانے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا جس پر صدر بائیڈن نے کہا کہ ایک دوسرے سے آمنے سامنے ملنا ہمیشہ بہتر رہتا ہے۔
روسی صدر پیوٹن نے اُمید ظاہرکی کہ امریکی صدر سے ملاقات مثبت رہےگی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملاقات میں امریکی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت، سائبرسیکیورٹی، انسانی حقوق اور اسلحہ کنڑول سمیت کئی اُمور پرگفتگو متوقع ہے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہےکہ بات چیت میں امریکا روس تعلقات سے متعلق واضح ریڈ لائنز طے ہونے کی اُمید ہے، پانچ گھنٹے کی ممکنہ ملاقات کے دوران چائے یا کھانےکا وقفہ بھی نہیں رکھا گیا۔
ملاقات کے بعد جوبائیڈن روسی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس نہیں کریں گے۔