کراچی، عزاداری پر قدغنوں کے خلاف دفاع عزاداری کانفرنس کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عزاداری امام حسینؑ پر قدغن اور عزاداری کو محدود کرنے کی سازشوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام اسلامک ریسرچ سینٹر فیڈرل بی ایریا میں منعقدہ دفاع عزاداری کانفرنس کا انعقاد ہوا۔
دفاع عزاداری کانفرنس میں شہر کی تمام نمائندہ تنظیموں، نامور علمائے کرام ، ذاکرین عظام ، خطباء ، مرکزی تنظیم عزا، مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی ماتمی انجموں و سنگتوں کے عہدیداران، مساجد وامام بارگاہوں کے ٹرسٹیز، اسکاؤٹس گروپس، مختلف نوحہ ومنقبت خواں حضرات خصوصا ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی، معروف شاعر اہل بیت ع ظفرعباس ظفر آف کینیڈا، شبر رضا، رضی حیدر رضوی،حسن صغیر عابدی سمیت مختلف مذہبی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔
کانفرنس میں اس بات کا عہد کیا گیا کہ عزاداری سید الشہداء پر کسی بھی قدغن کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور عزاداری کو بھرپور اور منظم طریقے سے انجام دیا جائے گا۔
مقررین نے کہا کہ کورونا ایک حقیقت ہے اور اس کی احتیاطی تدابیر پر مکمل عملکرتے ہوئے عزاداری کا انعقاد کیا جائے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں عزاداری سیدالشہداء کے خلاف کوئی پابندی برداشت نہیں کریں گے
مقررین نے اس بات کا عزم کیا کہ منبر و محراب کے تقدس کونقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مجالس میں اتحاد ، مذہبی ہم آہنگی اور مقصد امام حسین کو بیان کیا جائے گا جبکہ اندرونی اختلافات اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
کانفرنس میںحکومت کو متنبہ کیا گیا کہ عزداری امام حسینؑ آئینی و قانونی حق ہے اس کے خلاف ایف آئی آرز اور بانیان مجالس و جلوس کو ہراساں کرنے کاسلسلہ دشمن کا ایجنڈا ہے جسے بند ہونا چاہیئے۔
کانفرنس سے خصوصی خطاب سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کیا جبکہ دیگر مقررین میں صدر جعفریہ الائنس پاکستان علامہ سید رضی جعفرنقوی، بزرگ عالم دین علامہ سید حسن ظفرنقوی، نائب صدر جعفریہ الائنس پاکستان علامہ باقرحسین زیدی، مرکزی صدر مجلس ذاکرین امامیہ علامہ نثارقلندری، معروف خطیب اہل بیت ع علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ نقی نقوی، صدر شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن علامہ کامران حیدر عابدی، بوتراب اسکاؤٹس کے مہدی بھائی، اسکاؤٹ رابطہ کونسل کے سردار حسین ،صدر مرکزی تنظیم عزاداری ایس ایم نقی، شمس الحسن شمسی، غفران مجتبی، علی حسین نقوی، علامہ صادق جعفری شامل تھے۔