امید ہے افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں ہوگی
شیعہ نیوز:بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہےکہ پاکستان نے افغانستان میں بدامنی کی بھاری قیمت ادا کی ہے‘ معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان نے4دہائیوں سے30لاکھ سے زیادہ افغانیوں کو پناہ دی‘پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوششوں پر خاموش نہیں رہ سکتے۔
یہ سازشیں کرنے والے وہی ہیں جو علاقائی امن میں رکاوٹ ہیں‘ایک آزاد اور پرامن خطے کا تصور ہمارے ہمسائے میں انتہا پسندی اور گروہی تقسیم کی سوچ کے ہاتھوں میں یرغمال ہے‘بین الاقوامی کمیونٹی کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ کشمیر کے پرامن منصفانہ حل تک علاقائی امن ایک سراب ہے۔
ہم توقع رکھتے ہیں کہ طالبان خواتین اور انسانی حقوق کے حوالے سے عالمی برادری سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے اور افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی‘ مستقبل کی جنگ میں غیر روایتی اندازِ جنگ کا اہم کردار ہو گا‘ہم نے دہشت گردی پر قابو پا کر وطن کی سرحدوں کا بھرپور دِفاع کیا‘دنیا کی کوئی طاقت ایک متحد قوم کو کسی قسم کی گزند نہیں پہنچا سکتی۔
دشمن قوتیں ہائبرڈ وار کے ذریعے ہمارے معاشرے اور ریاست کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔پاکستان آرمی ان تمام چیلنجز سے آگاہ ہے اور نبرد آزما ہونے کیلئے تیار ہے۔ٹیکنالوجی اور مخصوص صلاحیتوں پر توجہ دے کر وطن کے دِفاع کو یقینی بنائیں گے ۔ مضبوط افواج ہی دِفاع وطن کی ضمانت ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں پشاور پولیس نے داعش اور ٹی ٹی پی کے 2 کمانڈر گرفتار کرلیے
تفصیلات کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا ۔اس موقع پر انہوں نے فورتھ پاکستان بٹالین کو بٹالین پرچم عطا کرنے کی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔اس موقع پر انہوں نے اکیڈمی کی فیکلٹی اور کیڈٹس سے خطاب بھی کیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کہاکہ فورتھ پاکستان بٹالین نے5سال قبل قیام سے اب تک شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔آپ کا وطن کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنے کا عہد پاکستان دشمنوں کے دِلوں میں خوف کی علامت ہے۔
تمام تر مشکلات کے باجود آج کا پاکستان اقوامِ عالم میں مضبوط اور ترقی کرتا ہوا پاکستان ہے۔اگست کا مہینہ ہمیں آزادی کیلئے اپنے آبا واجداد کی لازوال قربانیوں اور تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔
ہمارے محنتی جوان ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں۔زندگی کے تمام چیلنجز میں ایمان، اتحاد اور نظم کے راہنما اصول آپ کیلئے مشعل راہ ہیں۔آزادی کے بعد تما م تر معاشی اور دیگر مشکلات کے باوجود پاکستان نے نہ صرف ان کا مقابلہ کیا بلکہ ہر چیلنج کے بعد ہم مزید مضبوط بن کر ابھرے۔
انہوں نے کہاکہ حال ہی میں کووڈ اور لوکسٹ کے خلاف محدود وسائل اور انفراسٹرکچر نہ ہونے کے باوجود پاکستان نے بحیثیت قوم جس نظم و ضبط، یگانگت اور بہترین حکمت عملی کا مظاہر ہ کیا، دنیا اس کی معترف ہے۔ روایتی جنگ ہو یا دہشت گردی کے خلاف رسپانس، ایمرجنسی صورتحال ہو یا قدرتی آفات، افواجِ پاکستان ہمیشہ قوم کے اعتماد پر پورا اتریں۔
آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان قومی اور علاقائی امن اور ترقی کا خواہاں ہے۔افغانستان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششیں، ایک ایسے خطے کے قیام کیلئے ہیں، جو پرامن، خوشحال اور معاشی شراکت دار ہو۔ ہم نے مسلسل عالمی برادری پر واضح کیا ہے کہ وہ افغانستان کے پرامن حل کیلئے کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوششوں پر خاموش نہیں رہ سکتے ۔ یہ سازشیں کرنے والے وہی ہیں جو علاقائی امن میں رکاوٹ ہیں۔ ہم افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ افغانستان میں امن خطے اور بالخصوص افغانستان کے لوگوں کیلئے اشد ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ آزادی کے اس مہینے میں ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھول سکتے۔مقبوضہ کشمیر کے لوگ بدترین ریاستی دہشت گردی اور استحصال کا شکار ہیں۔
میں یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ہم ہمیشہ کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔مستقبل میں آپ کو کئی چیلنجز کا سامنا رہے گا۔