پنجاب حکومت نے عزاداری مخالف روش نہ بدلی تو وسیع احتجاج پر مجبور ہونگے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی نے ضلع جہلم کے علاقہ سیدانوالہ پنڈدادن خان میں عزاداری کے خلاف پولیس گردی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے روش نہ بدلی تو وسیع تر احتجاج پر مجبور ہونگے، سیدانوالہ میں عزاداروں کے ساتھ ایسے سلوک اور جارحیت کی گئی جیسے یہ کوئی مقبوضہ کشمیر ہو۔ ان کے ساتھ محرم الحرام کمیٹی کے سیکرٹری سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ، صوبائی، ضلعی اور مقامی رہنما بھی موجود تھے۔
اس موقع پر علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ سیدانوالہ میں عزاداروں کے ساتھ ایسے سلوک اور جارحیت کی گئی جیسے یہ کوئی مقبوضہ کشمیر کا گوئی گاؤں ہے، سادات کی خواتین کی بے حرمتی کی گئی، بوڑھوں، بچوں اور پورے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا ایجاد کی گئی جو انتہائی قابل مذمت ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں جلوس عزا امام حسینؑ کیوں نکالا؟ خواتین ومرد عزاداروں پر ایف آئی درج
انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں میں رکاوٹیں ڈالنا اور محدودیتیں ایجاد کرنا مکتب تشیع کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا ہے، جو قابل قبول اور قابل برداشت نہیں ہے۔ ہم ان اقدامات خاص کر متعصبانہ رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اور حکام بالا خاص کر وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مقامی افسران کی طرف سے غیر آئینی اقدامات کا نوٹس لے کر ان کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے اور عزاداری کے خلاف غیر آئینی اقدامات کو روکا جائے۔ ایف آئی آر کو ختم کر کے گرفتار شدگان کو رہا کیا جائے، ہمیں وسیع تر احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے۔