یمن پر جارح سعودی اتحاد کا حملہ، ایک شہید متعدد زخمی
شیعہ نیوز: سعودی اتحاد کے بمبار طیاروں نے یمن کے صوبے صعدہ کے الرقو علاقے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک یمنی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ اس رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے صوبہ مارب کے «صرواح»، «مدغل» اور« مجزر» علاقوں کو بھی 9 بار حملوں کا نشانہ بنایا۔
درایں اثنا یمن کے فوجی ذرائع نے جارح سعودی اتحاد کی جانب سے الحدیدہ جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رہنے کی خبر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران جارح سعودی اتحاد نے اس صوبے کو 252 بار توپخانوں اور نیم بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے صوبے الحدیدہ پر جارح سعودی اتحاد کےجنگی طیاروں اور ڈرون نے پروازیں کیں، توپوں کے گولے اور میزائل داغے اور بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے حملے کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔
یمن کے خلاف جنگ اور جارحیت کا سلسلہ ایسے وقت میں جاری ہے جب سوئیڈن میں صنعاء اور ریاض کے وفد کے مابین 18 دسمبر 2018 کو الحدیدہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تاہم سعودی جنگی اتحاد نے اپنی ہی اعلان کردہ جنگ بندی کی ایک دن بھی پابندی نہیں کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب اپنے تمام تر وحشیانہ حملوں کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کر سکا ہے-