
ہری پور، جلوس امام حسینؑ پر حملہ کرنے والوں کے خلاف شیعہ سنی میدان میں آگئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ہری پور ہزارہ کے علاقےموضع مسلم آباد خانپور میں جلوس امام حسین ؑپر حملہ کرنے والے تکفیری دہشتگردوں کے خلاف شیعہ سنی عمائدین میدان میں آگئے۔
تفصیلات کے مطابق اہل سنت اور اہل تشیع علماء کرام نے ہری پور میں ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کالعدم شدت پسند جماعتیں ایک دفعہ پھر ملک کا امن تباہ کرنے کے لیے کمر کس چکی ہیں، قومی سلامتی کے ادارے اسلام آباد سے متصل بالائی پہاڑی علاقے میں کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی کریں، علاقے میں اہل سنت اور اہل تشیع کے مابین مثالی اتحاد و وحدت موجود ہے، اہل سنت عید میلاد النبی (ص) کے جلوس پرپا کرتے ہیں، جن میں اہل تشیع شرکت کرتے ہیں، اسی طرح شیعوں کے محرم الحرام کے جلوسوں میں اہل سنت شرکت کرنے کے علاوہ سبیلیں اور لنگر و نیاز کا بندوبست کرتے ہیں۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی کا کہنا تھا کہ اٹھائیس اگست، انیس محرم کو ہری پور کے علاقے موضع مسلم آباد خانپور میں عزاداری امام حسین علیہ السلام کا روایتی جلوس جس کا آغاز قیام پاکستان سے قبل ہوا اپنے مقررہ وقت دن ایک بجے سے چھ بجے تک کے اندر تھا، جو کہ پانچ بج کر پندرہ منٹ کے قریب حویلی چوک پہنچا، پانچ بجے کے قریب جب جلوس امام بارگاہ کی طرف روانہ ہونے لگا تو قاری ریاض نامی کالعدم تنظیم کا کارکن اپنے دس سے بارہ ساتھیوں کے ساتھ جلوس کے روٹ میں داخل ہوا اور ماتمی جلوس پر حملے کوشش کی۔
یہ خبر بھی پڑھیں مولا علی ؑ کی شان میں گستاخی کرنے والوں پر ایف آئی آر کی درخواست جمع
انہوں نے بتایا کہ قاری ریاض گروپ نے یہ جھوٹا موقف اختیار کیا کہ ماتمی جلوس نے نمازیوں کا راستہ روکا اور پتھراؤ کیا جبکہ جلوس پر حملہ آور افراد کا اس مسجد اور اس محلے سے کوئی تعلق نہیں۔ علاوہ ازیں مسجد فاروق اعظم میں نماز عصر باجماعت ادا ہو چکی تھی، پولیس انتظامیہ سمیت جلوس میں موجود اہل سنت برادران نے اسی مسجد میں نماز پڑھی۔
ڈی ایس پی کے بقول مسجد میں نمازیوں کی تین صفیں موجود تھیں، یہ وہی گروپ ہے جس نے بارہ ربیع الاول کے جلوس پر حملہ کیا، اس سے قبل ان ہی افراد پر دہشتگردی کی دفعات پر مبنی ایف آئی آر ہوچکی ہے، ملزمان کے خلاف ایف آئی آر کاٹنے پر ہم پولیس انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ دیگر دفعات شامل کرکے انہیں قرار سزا دی جائے۔
صدر اہلسنت علماء مشائخ کونسل تحصیل خانپور علامہ حافظ محمد ظہیر عباسی کا کہنا تھا کہ ریاست فی الفور شدت پسند عناصر کیخلاف کارروائی کرے، یہ عناصر کسی طور پر اہلسنت کے نمائندہ نہیں، اہل سنت اور اہل تشیع امن و آشتی کے ساتھ علاقے میں زندگی گزارتے ہیں اور علاقہ وحدت امت کی علامت بن چکا ہے۔ پریس کانفرنس میں حافظ محمد ظہیر عباسی رہنماء اہلسنت علماء مشائخ تحصیل خانپور علامہ فیاض اللہ اور علامہ حسن رضا نقوی نے شرکت کی۔