سرزمین پاکستان پر پہلے شہید ناموس رسالت علی رضا تقوی کو بچھڑے 9 برس بیت گئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سرزمین پاکستان پر پہلے شہید ناموس رسالت شہید سید علی رضا تقوی کو بچھڑے 9 برس بیت گئے، شہید علی رضا تقوی رسول اکرمﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کے خلاف امریکی قونصلیٹ کے سامنے ہونے والےاحتجاجی مظاہرے میں امریکی فوجیوں کی گولی کا نشانہ بن کر شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے۔
امریکہ میں رسول اکرم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاع کے خلاف کراچی میں واقع امریکی قونصلیٹ پرلاکھوں افراد کا احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا جس میں چند نوجوانوں جن میں علی رضا تقوی شہید پیش پیش تھے نے امریکی قونصلیٹ پر ’’لبیک یا رسول اللہ ، لبیک یا محمد‘‘ کا پرچم بلند کرنے کی ٹھانی۔
شہید علی رضا تقوی اس عزم کو لئے جیسے ہی امریکی قونصلیٹ کے دروازے کی جانب بڑھے تو دہشتگردی و شیطانیت کے مرکز امریکی سفارتخانے کے اندر موجود دشمن رسول نے شہید علی رضا تقوی کو گولیوں کا نشانہ بناڈالا۔
عشق رسول سے سرشار علی رضا تقوی سرزمین پاکستان پر’’ پہلے شہید ناموس رسالت‘‘ کا اعزاز حاصل کرگئے اور اپنے رسول ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوگئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ٹیم شہید خرم ذکی نے دہشتگرد اورنگزیب فاروقی کے خلاف ایف آئی آر کی درخواست جمع کروادی
شہید علی رضا تقوی کے ساتھیوں نے ادھورا کام مکمل کیا اور امریکی قونصلیٹ کے دروازے پر ’’ لبیک یا رسول اللہ‘‘ کا پرچم لہرا دیا۔
شہید ناموس رسالت شہید علی رضا تقوی کا جنازہ شایان شان طریقے سے اٹھایا گیا۔ ہزاروں عاشقان رسولﷺ جن میں اہل سنت کی بھی بڑی تعداد موجود تھی نے شہید ناموس رسالت کے تشیع جنازہ میں شرکت کی اور راستے بھر عمارتوں کی چھتوں سے اس شہید کے جنازے پر پھول برسائے گئے۔
دنیا بھر سے مقاومتی تنظیموں بالخصوص انقلاب اسلامی، مقاومت اسلامی لبنان اور فلسطینی مقاومتی رہنماؤں کی جانب سے شہید علی رضا تقوی کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
’’ اے شہید ناموس رسالت(ص) سید علی رضا تقوی آپ آج ہمارے درمیان نہیں ہیں، لیکن آپ ہمارے دلوں میں ہمیشہ تابندہ و پائندہ رہیں گے، آنے والی نسلیں آپ پر فخر کریں گی کہ جس طرح آج ملت پاکستان آپ پر فخر کرتی ہے۔‘‘
تمام قارئین سے شہید ناموس رسالت شہید علی رضا تقوی کیلئے سورہ فاتحہ کی التماس ہے۔