ہم پُرامن شہری ہیں اور ملکی سالمیت کیلئے ہمیشہ ہم نے قربانی دی ہے
شیعہ نیوز: ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا سید صادق رضا تقوی کا معروف عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی سے ٹیلیفونک رابطہ، ملکی حالات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق علامہ سید صادق رضا تقوی نے فون کرکے علامہ شہنشاہ نقوی کی صحت و عافیت معلوم کی اور دیگر امور پر گفتگو کی، اس دوران ملکی حالات، وطن دشمن عناصر کی سرگرمیوں نیز دیگر قومی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علامہ سید شہنشاہ نقوی نے کہا کہ ہم پُرامن شہری ہیں اور ملکی سالمیت کیلئے ہمیشہ ہم نے قربانی دی ہے، اس وقت بھی ملک جن حالات سے گزار رہا ہے، اس کا ہمیں بخوبی اندازہ ہے، ہم نے اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران اپنے مطالبات اعلیٰ حکام کے سامنے پیش کیے ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ ہمیں اپنی تمام ہوشیاری کے ساتھ عزاداری امام حسین علیہ السلام کو منانا چاہئے اور دشمن کو اس بات کا موقع نہ دیں کہ وہ عزاداری کے بہانے پاکستان کی سالمیت کے خلاف کوئی گھناؤنی سازش کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اعلیٰ حکام سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ سمجھداری کا ثبوت دیتے ہوئے ملکی حالات و معاملات کو بہتری اور اعتدال کی جانب لائیں گے۔
علامہ سید صادق تقوی نے ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کی جانب سے علامہ شہنشاہ نقوی کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ علامہ صادق تقوی نے آئمہ جمعہ و جماعات سے اپیل کی ہے اور ساتھ ہی خطباء و ذاکرین کو بھی مخاطب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس وقت نہایت حساس وقت کا سامنا ہے، لہٰذا ہمارا کوئی بیان یا خطاب ایسا نہ ہو کہ جس سے ملکی دشمن سوءِ استفادہ کرے اور ملکی فضا کو آلودہ کرے۔ چہلم امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے علامہ صادق تقوی نے آئمہ جمہ و جماعات و خطباء و ذاکرین سے کہا کہ یہ ایک ایسا موقع ہے کہ جب پوری ملت تشیع متحد ہوتی ہے اور اس میں اپنے تمام اہل سنت برادران و علماء و خطباء کو دعوت دیں کہ وہ جلوسوں اور مجالس عزا میں آئیں اور اتحاد بین المسلمین کی فضا کو قائم رکھیں، یہ ایک بہتر موقع ہے کہ ہم پیام امام حسینؑ دنیا کے کونے کونے میں پہنچائیں۔