لبنان میں ہر قسم کی بدامنی اور قتل و غارت کا ذمہ دار امریکی سفارتخانہ ہے، شیخ قبلان
شیعہ نیوز:لبنان کے معروف مفتی اور مذہبی رہنما شیخ احمد قبلان نے کہا ہے کہ ملک میں پیدا ہونے والی ہر بدامنی کا ذمہ دار امریکی سفارتخانہ ہے۔ انہوں نے بیروت کی بندرگاہ پر دھماکے کی تحقیق کرنے والے قاضی طارق البیطار کو بھی دشمن کا ایجنٹ قرار دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسے معزول کر کے گرفتار کرے۔ شیخ قبلان نے کہا کہ موجودہ بدامنی اور فتنے کا آغاز قاضی البیطار سے ہوا ہے جس کے نتیجے میں آج کئی بیگناہ لبنانی شہری شہید ہو گئے ہیں۔ یاد رہے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بندرگاہ دھماکہ کیس کی تحقیقات کے اعلان کردہ نتائج کے خلاف عوامی مظاہرہ جاری تھا جس پر چند نامعلوم شرپسند افراد نے فائرنگ کر دی اور کئی شہریوں کو شہید اور زخمی کر دیا ہے۔
حزب اللہ اور امل تنظیموں نے بھی بیروت کے اس ناگوار واقعے کے بارے میں بیانیہ جاری کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ بیانیے میں کہا گیا ہے کہ مسلح دہشت گرد گروہ ملک کو بدامنی کی جانب دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بیانیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ بعض فتنہ انگیز عناصر ملک میں فتنہ پھیلانے کے درپے ہیں جن میں اشتعال انگیز اقدامات انجام دینے والے گروہ اور بیروت بندرگاہ دھماکے کی تحقیق کو غلط سمت لے جانے والے افراد شامل ہیں۔ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں مظاہرین پرامن انداز میں احتجاج کر رہے تھے جسے بعض نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ فائرنگ کرنے والے افراد اردگرد کی عمارتوں کی چھتوں پر پوزیشن سنبھالے ہوئے تھے۔