قیام امن کا آغاز کراچی سے کیا جائے، شہر قائد کی صورتحال پورے ملک پر اثر انداز ہوتی ہے، عارف واحدی
شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، نئی جمہوری حکومت کو قیام امن کی کوششوں کا آغاز شہر قائد سے کرنا ہوگا، تحریک انصاف کی رہنما سمیت تمام بےگناہ افراد کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ کراچی میں آئے روز ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات خصوصاً تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد حسین کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور ایک سازش کے تحت یہاں کے امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ و اغواء کی وارداتیں کرکے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کیا جا رہا ہے تاکہ عوام میں عدم تحفظ کو مزید ہوا دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن پورے ملک کے امن سے وابستہ ہے اس لئے نئی آنے والی حکومت سب سے پہلے قیام امن کی کوششوں کا آغاز شہر قائد سے کرے کیونکہ اگر کراچی میں امن قائم ہو جائیگا تو پھر ملک بھر میں قیام امن کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے زہرہ شاہد حسین کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔